217

پولیو مخالف پروپیگنڈا پر پشاور کے دس نجی سکول سیل کردیے گئے

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے پہلی بار پولیو  مخالف پروپیگنڈا کرنے والے دس نجی سکولوں کیخلاف کارروائی کی گئی اور ان کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے حکم پر ان سکولوں کیخلاف کارروائی کی گئی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور مشتاق حسین کے مطابق چیف سیکرٹری کی سربراہی میں چند روز قبل ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا تھا جس میں ماشوخیل میں طبی مرکز پر حمے میں ملوث افراد اور سکولوں میں پولیو مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور شہر میں ان دس نجی سکولوں کی نشاندہی کی گئی جہاں بچوں میں پولیو قطروں بارے افواہیں پھیلائی گئیں جس کے بعد مساجد سے اعلانات کے ذریعے صوبہ بھر میں ایک خوف و تشویش پھیلائی گئی۔پشاور میں سیل کیے گئے سکولوں میں دارالقلم، اقرائ روضۃ الاطفال، اقراء سکول حسن گڑھی، پشاور کیمبرج سکول، مسلم سٹنڈرڈ سکول، آکسفورڈ پبلک سکول، پرائم گرائمر سکول، اقراء سکول اور کرسٹن سکول شامل ہیں۔صوبائی حکومت کی جانب سے ان سکولوں پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان سکولوں میں بچوں کی پولیو کے خلاف ذہن سازی کی گئی اور پولیو قطروں سے انکار پر انہیں رضامند کیا گیا۔واضح رہے کہ 22 اپریل کو پشاور کے علاقے ماشوخیل میں انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو قطروں سے بچوں کی اموات کی بے بنیاد خبریں سامنے آئی تھیں جس کی وجہ سے لوگ پولیو قطروں کے خلاف مشتعل ہوگئے تھے جس کے بعد مقامی صحت مرکز کو نذر آتش کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں