243

چترال کے وکلاء برادری نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف حکومتی ریفرنس بھیجوانے کی مذمت کے لئے اتالیق پل پر جلسہ

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) پاکستان بار کونسل کے کال پر چترال میں ہفتے کے روز وکلاء برادری نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف حکومتی ریفرنس بھیجوانے کی مذمت کے لئے اتالیق پل پر جلسہ منعقد کیا جس سے کے پی بار کونسل کے رکن عبدالولی خان ایڈوکیٹ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر خورشید حسین مغل ایڈوکیٹ، سابق صدورعالم زیب ایڈوکیٹ، غلام حضرت انقلابی، ساجد اللہ اور وکلاء برادری کے دیگر رہنماؤں محمد کوثر، عظیم بیگ، پیر سید برہان شاہ، نیاز اے نیازی اور جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا جمشید احمد اور جے یو آئی کے لیڈر محمد سید خان نے خطاب کرتے ہوئے اس قدم کو جوڈیشری پر وار قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاکہ عدلیہ کی آزادی پر آنچ آنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سابق فوجی آمر پرویز مشرف کی اقتدار کا زوال اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے جوڈیشری سے ٹکر لینے کی مذموم حرکت کی اور اس وقت کٹھ پتلی وزیر اعظم عمران خان کو بھی تاریخ سے سبق سیکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جسٹس فائز عیسیٰ کو ان کی ایمانداری اور پیشہ ورانہ دیانت دار ی کی سزا دی جارہی ہے جن کے خلاف جھوٹے الزامات لگاکر ان کے کردار کو داغدار کرنے اور انہیں کانٹا سمجھ کر اپنے راستے سے ہٹانے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن چترال سے لے کر کراچی تک وکلاء برادری اس سازش کا پہلے کی طرح ناکام بنادیں گے۔ انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اس شرمناک ریفرنس کو واپس لے۔ جلوس بعد ازاں پرامن طورپر منتشر ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں