245

عمران خان کیلئے سانپ کی کھال سے چپل تیار کرنے والے دکاندار پر 50 ہزار روپے جرمانہ

پشاور۔۔۔ خیبر پختونخوا کے محکمہ جنگلی حیات نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے ‘سانپ’ کی کھال سے چپل تیار کرنے والے دکاندار پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جو انہوں نے ادا کرکے چپل واپس لے لی۔ کپتان چپل بنانے والے چچا نورالدین کی دکان پر محکمہ جنگلی حیات نے گزشتہ روز چھاپہ مارکر وزیر اعظم عمران خان کیلئے سانپ کے کھال سے تیار کردہ چپل قبضے میں لےلی تھی جو عید پر عمران خان کو تحفہ کے طور پر دینے تھے۔نور الدین چاچا نے دو روز قبل ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کو بتایا تھا کہ اس مرتبہ عمران خان کے ایک چاہنے والے نعمان نامی شخص نے ان سے کہا ہے کہ وہ اپنے کپتان کو خاص قسم کا تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے نعمان نے امریکا سے سانپ کی انتہائی خوبصورت کھال بھجوائی ہے۔جس سے وہ خصوصی چپل تیار کر رہے ہیں۔اس رپورٹ کے بعد خیبر پختونخوا کا محکمہ وائلڈ لائف حرکت میں آگیا اور اس نے اتوار کو چچا نورالدین کی دکان پر چھاپہ مار کر سانپ کی کھال سے بنی چپل برآمد برآمد کرلی جبکہ دکان سے ایک کاریگر کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔تاہم سب ڈویژنل فارسٹ افسر عامر علی نے کہا کہ دکاندار کے پاس بیرون ممالک سے کھال درآمد کرنے کی کوئی دستاویزات نہیں ہیں اور نہ لائسنس جس کا حصول وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت سانپ کی کھال کے کاروبار، سپلائی اور استعمال کیلئے لازمی ہے۔ محکمہ جنگلی حیات کے مطابق کھال ایناکونڈا کی نسل ‘پائے تھن’ سانپ کی ہے، جس سے چپل تیار کرنے پر دکاندار پر 50 ہزار روپے جرمانہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دکاندار پر متعدد دفعات لگائی گئی ہیں جن میں جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے، جنگلی حیات کی کھال کی غیرقانونی تجارت شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ دکاندار کو خبردار کیا گیا اور باقاعدہ اسٹامپ پیپر پر ان سے لکھ کر لیا گیا کہ مستقبل میں وہ جنگلی حیات کی کھال سے غیر قانونی طور چپل نہیں بنائیں گے۔دکاندار نورالدین شنواری نے جرمانہ ادا کرکے چپل واپس لے لی۔محکمہ وائلڈ لائف کے حکام کا کہنا ہے کہ سانپ کی کھال کا استعمال وائلد لائف ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔یاد رہے کہ وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت سانپ کی کھال کے کاروبار، سپلائی اور استعمال کیلئے لائسنس کا حصول لازمی ہے۔ اگر لائسنس کے بغیر اس کے کاروبار میں ملوث افراد کو زیادہ سے زیادہ 2 سال قید اور 44 ہزار روپے جرمانہ ہوسکتا ہے جبکہ کم از کم سزا ایک ہفتہ قید، 5 ہزار جرمانہ اور کھال کی مالیت ادا کرنا ہوگی۔ کھال کی مالیت اگر مجرم ادا نہ کرسکے تو مزید ایک ہفتہ قید کی سزا ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں