224

قومی اسمبلی کے فلور پر سود کے خاتمے کے لئے بل جمع کرنے پر چترال سے ایم این اے مولانا عبدالاکبر کو چترال میں پھولوں کا ہار پہنایا گیا

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) قومی اسمبلی کے فلور پر سود کے خاتمے کے لئے بل جمع کرنے اور اس کے پاس ہونے کے لئے جدوجہد کرنے پر چترال سے قومی اسمبلی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی کو چترال میں پھولوں کا ہار پہنایا گیا اور اس موقع پر حاضرین نے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔ شاہی بازار چترال کے جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد خطیب مولانا اسرا ر الدین الہلال نے چترالی عوام کی طرف سے انہیں ہار پہناتے ہوئے کہاکہ مولانا چترالی نے دین اسلام کی شیدائی چترالی عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے قومی اسمبلی میں ان کی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے وہ کارنامہ سرانجام دیاکہ تاقیامت بھلایا نہیں جاسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ سود کی لغنت کے خلاف قانون سازی چترالی عوام کی منتخب کردہ رکن اسمبلی کے حصے میں آئی ہے اور اس ثواب میں وہ بھی برابر کے شریک ہوں گے۔ اس موقع پر اپنی مختصر خطاب میں مولانا چترالی نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر، وفاقی وزراء علی محمد خان اور فروغ نسیم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے جذبہ ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بل حمایت کی۔ مولانا چترالی نے اس امید کا اظہار کیاکہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت اس بل کے پاس ہونے میں کردار ادا کرکے اس ملک سے سود پر ایستادہ معاشی نظام کا خاتمہ اس ملک میں کرکے رہیں گے جوکہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا تھا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما اور ٹاؤن کمیٹی کے چیر مین حکیم مجیب اللہ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں