185

سوات موٹر وے آزمائشی بنیادوں پر کھول دیا گیا،جو اہل ملاکنڈ ڈویژن کیلئے عید کا تحفہ ہے،وزیراعلیٰ محمودخان

سوات(ڈیلی چترال نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر علیٰ محمود خان عیدالفطر کے موقع پر جمعرات اور جمعہ کے روز مٹہ میں اپنی آبائی رہائش گاہ پر موجود رہے اور لوگوں سے عید ملے اس موقع پر انہوں نے لوگوں کے مسائل بھی سنے اور انکی تحریری درخواستیں بھی وصول کیں جن میں بیشتر پر انہوں نے متعلقہ حکام کو فوری احکامات بھی جاری کئے لوگوں سے باتیں کرتے ہوئے وزیر اعلٰی کا کہنا تھا کہ ہمارا اگلا صوبائی بجٹ یہاں کے غریب عوام کی امنگوں کا آئینہ دار ہو گا جس کا فوکس غریب کی معاشی خود کفالت ہو گی انہوں نے کہا کہ سوات کے عوام نے پاک فوج کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت لی ہے ان کی لازوال قربانیاں رنگ لا رہی ہیں سوات ترقی و خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے اللہ تعالٰی نے اس خطے کو قدرتی حسن اور سیاحت کی دولت سے مالا مال کیا ہے جسے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لاتے ہوئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت کیلئے سوات موٹر وے آزمائشی بنیادوں پر کھول دیا گیا ہے جو اہل ملاکنڈ ڈویژن کیلئے عید کا تحفہ ہے اگلے مرحلے میں موٹر وے کو چکدرہ سے باغ ڈھیرئی تک توسیع دی جائے گی اس بار وہ خود بھی سوات موٹر وے پر سفر کرکے سوات پہنچے ہیں اور صورتحال کا پوری باریک بینی سے جائزہ لیا ہے موٹر وے پر تعمیرات اور خوبصورتی کا کام سیزن کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا اور دو مہینے میں تکمیل کے بعد وہ وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ اس کا باضابطہ افتتاح کریں گے محمود خان نے کہا کہ کالام اور مالم جبہ روڈ پر بھی تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ پرانے ڈی ایچ کیو ہسپتال خاتمے کی خبریں غلط ہیں ایسی خبریں عوام کو کنفیوژن کا شکار کرنے کیلئے پھیلائی جا رہی ہیں مگر عوام کو موجودہ حکومت کی نیک نیتی کو بخوبی اندازہ ہو چکا ہے انہوں نے واضح کیا کہ جب تک وزیر اعلٰی ہوں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کوئی ختم نہیں کرسکتا انہوں نے مزید واضح کیا کہ حکمران جماعت کے علاؤہ مرکز اور صوبے میں کسی بھی سطح پر کوئی اختلاف نہیں ہمارے مخالفین بے پرکیاں اڑا رہے اور صرف اپنے دل کو تسلیاں دے رہے ہیں اسی طرح اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک سے بھی ہماری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اپوزیشن بے شک اپنا شوق پورا کرلے یہ تحریک صرف پانی کا بلبلہ ثابت ہو گی ہم اپوزیشن کی تحریک کو ویلکم کہتے ہیں مگر عوام ان سیاسی مداریوں کے کہنے پر حکومت کے خلاف نہیں نکلیں گے کیونکہ وہ اس کرپٹ ٹولے کے داغدار ماضی و حال سے بخوبی واقف ہیں جنہوں نے پوری قومی معیشت کا ستیاناس کیا اور اپنے کرپشن کا بازار گرم رکھنے کی خاطر قومی ادارے حتیٰ کہ قومی شاہراہیں اور ہوائی اڈے تک گروی رکھ لئے تھے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پچھلے الیکشن میں بری طرح شکست کھانے کی وجہ سے ابھی تک صدمے میں ہے مگر جلد ہی حقائق کو مان لینا ان کیلئے نوشتہ دیوار بن چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں