Site icon Daily Chitral

لوار ی ٹنل کا موجود شیڈول مسترد؛ دروش میں احتجاجی جلسہ منعقد / احتجاجی تحریک کی دھمکی

دروش( واصف جمال ) دروش میں ایک احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے لواری ٹنل کے موجود ہ اوقات سفر کو مسترد کرتے ہوئے اسکے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لواری ٹاپ کی بندش کے بعد لواری ٹنل سے جمعہ اور منگل کے روز سفر کی اجازت کا اعلامیہ جاری کیا جا چکا ہے جبکہ انتظامیہ کی طرف سے مطلع کیا گیا کہ جمعہ کے روز ٹنل شام پانچ بجے سفر کے لئے کھول دی جائیگی ۔ جمعہ کے روز بڑی تعداد میں مسافر دروش میں موجود تھے اور ٹنل سے سفر کے انتظار میں تھے۔ اس موقع پر عمائدین دروش نے ہنگامی احتجاجی مظاہرہ منعقد کرکے لواری ٹنل سے رات کے وقت سفر کویکسر مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹنل سے سفر کے لئے دن گیارہ بجے سے شام چار بجے تک شیڈول رکھا جائے۔ انہوں نے کہا انتظامیہ اور دیگر ادارے اور سامبو کمپنی قصداً عوام کے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہے جس سے افراتفری پھیلنے کے قوی امکانات ہیں۔ مقررین نے کہا کہ اس وقت شدید موسمی حالات میں لواری ٹاپ کو صاف کرنا خطرے سے خالی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر لواری ٹنل سے سفر کے شیڈول پر نظر ثانی کرکے اسے دن کے اوقات میں نہیں رکھا گیا تو اگلے جمعہ سے باقاعدہ احتجاجی تحریک شروع کر دی جائیگی جو کہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی اور عوام سامبو کمپنی کے گاڑیوں کو بھی بند کر دینگے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں مسافر جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، ضعیف العمر افراد اور بیمار بھی شامل ہیں انتظامیہ اور سامبو کمپنی کے عتاب کا شکار ہیں۔ احتجاجی جلسے سے قاری جمال عبدالناصر، حاجی محترم شاہ، خوش نواز خان، قاری فضل حق ، اکمل خان اور قاری نظام الدین وغیرہ نے خطاب کیا۔

Exit mobile version