Skip to content
چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال ) چترال میں 33خاندانوں پر مشتمل عیسائی کمیونٹی نے انتہائی جوش اور جذبے کے ساتھ کرسمس کی تقریبات منائیں ۔ ان تقریبات میں ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ اور کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ جس سے کمیونٹی کی خوشی دیکھنے کے قابل تھی ۔ کرنل نظا م الدین شاہ نے کمیونٹی کے بزرگ بابر مسیح اور لیڈی کونسلر ربکا شہزاد ی کے ساتھ کرسمس کا کیک کاٹا اور انہیں مبارکباد دی ۔اس موقع پر عیسائی کمیونٹی کی طرف سے کرسمس کی خوشی میں شریک ہونے پر ضلع ناظم چترال اور کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کو ہار پہنایا گیا ۔ اور بچوں نے آن کی آمد پر تالیاں بجا کر خوش آمدید کہا ۔ ضلع ناظم نے کمیونٹی کے خدمات کی تعریف کی اور کہا ۔ کہ چترال کو خوبصورت رکھنے میں اُن کا بہت بڑا کردار ہے ۔ جس کی چترال کی ضلعی حکومت قدر کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اُن کے تمام مسائل پر بھر پور توجہ دی جائے گی ۔ اور کسی بھی مسئلے کے حل کے سلسلے میں منتخب کونسلرز اور کمیونٹی کے تمام افراد کیلئے اُن کے دروازے کھلے ہیں ۔کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ نے انہیں یقین دلایا ۔ کہ چترال ایک پُر امن علاقہ ہے ۔ اور وہ اپنے محدود دائرے میں رہ کر اپنی مذہبی عبادات انجام دینے میں آزاد ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ حصول پاکستان میں جتنی قربانیاں اکثریت نے دی ہے ۔ اقلیتوں کی قربانیاں اُن سے کسی بھی درجے کم نہیں ۔ اور ہر ایک کو آزادی کے ساتھ جینے اور اپنی عبادات بجا لانے کا پورا پورا حق ہے ۔ اس موقع پر ایلڈر بابر اور لیڈی کونسلر ربکا شہزادی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ۔ کہ چترالی کمیونٹی کی شرافت اور ہمدردی نے کبھی بھی اُنہیں اقلیت ہونے کا احساس نہ ہونے دیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وہ گذشتہ چالیس سالوں سے چترال میں رہائش پذیر ہیں ۔ اور اُن کی تیسری نسل چترال میں پروان چڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ۔ کہ چترال میں اُن کیلئے ایک چرچ تعمیر کیا جائے ۔ تاکہ وہ اپنی عبادت کر سکیں ۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے انہیں یقین دلایا ۔ کہ وہ اس سلسلے میں اُن کی مدد کریں گے ۔ تقریب کے دوران بچوں نے کرسمس کے گیت گائے ۔اور مختلف خاکے اور ٹیبلو پیش کئے۔

اگر آپ کو کسی مخصوص خبر کی تلاش ہے تو یہاں نیچے دئے گئے باکس کی مدد سے تلاش کریں