514

کوشٹ گاؤں کے ایک پرائمری سکول میں کلاس فور اسامی پر بھرتی سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔مولانا ہدایت الرحمن رکن صوبائی اسمبلی چترال

چترال (نما یندہ ڈیلی چترال) چترال سے صوبائی اسمبلی کے رکن مولانا ہدایت الرحمن نے کہا ہے کہ کوشٹ گاؤں کے ایک پرائمری سکول میں کلاس فور اسامی پر بھرتی سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ اس کے خلاف متعلقہ زمین مالک اور ان کے رشتہ داروں کا ہڑتال ان کے خلاف ہے کیونکہ یہ بھرتی خالصتاً ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اپنی پالیسی کے مطابق کی ہے جس میں انہوں نے کوئی دخل اندازی نہیں کی تھی جبکہ وہ اسمبلی کے فلور پر بھی ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے خلاف کلاس فور اسامیوں میں بے ضابطگیوں کے خلاف بات کرچکے ہیں۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بعض ٹی۔ وی چینلوں کے مقامی رپورٹر نے ان کی سیاسی مخالفین کی ایما پر ان کی کردار کشی کرنے میں مصروف ہیں جوکہ کبھی زمین کی خریدو فروخت کو ان کے لئے اسکنڈل بنانے کی کوشش کرتے ہیں تو کبھی اس قسم کی لغو باتوں اور خبروں سے ان کی ساکھ کو مجروح کرنے کی مذموم کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسے بے سروپا خبر نشر کرنے والوں کے خلاف ہتک عزت کا کیس دائر کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں اور وہ کرتے رہیں گے تاکہ دوسرے شرفاء کی پگڑیاں اچھلنے سے بچ سکیں۔ انہوں نے افواہ سازوں کو خبر دار کرتے ہوئے کہاکہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ان کا کوئی بال بیکا نہیں کرسکتا البتہ خود ان کے پیٹ میں جلن اور توڑ مروڑ اٹھ سکتا ہے۔ انہوں نے اپنی سیاسی مخالفین کو مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ الیکشن میں اپنی شکست کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت کریں اور پانچ سال تک انتظار کی زحمت کریں اور اس کے سوا ان کے پاس کوئی چار ہ کار نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں