184

اپر چترال کے لئے 132کے وی اے کے گرڈاسٹیشن کی منظوری پر ایم این اے،ایم پی ایز اور ڈسٹرکٹ ناظم کا شکریہ

عوامی تحریک رنگ لے آئی اپر چترال کے لیے کاغلشٹ کے مقام پر 132کے وی اے کے الگ گرڈ اسٹیشن کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔ اور واپڈا ٹیم عنقریب سائٹ سروے کیلئے اپر چترال آ رہی ہے۔ تحریک حقوق عوام اپر چترال کے پلیٹ فارم سے اپر چترال کے عوام نےفروری/ مارچ کے مہینے میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جس میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ ساتھ اپر چترال کے لئے فی الوقت جوٹی لشٹ گرڈ اسٹیشن میں 7 میگاواٹ کا الگ ٹرانسفارمر اور بعد ازاں کاغلشٹ کے مقام پر الگ گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے مطالبات کیے تھے۔ عوامی احتجاج اور عوامی نمائندوں کی کوششوں سے الگ ٹرانسفارمر کی منظور ی ہوگئ تھی جو مصدقہ اطلاعات کے مطابق تیار ہو چکا ہے اور ٹرانسپورٹیشن کے مرحلے میں ہے اور انشاللہ عنقریب نصب کیا جائے گا۔ حالیہ دنوں میں ایم۔این۔اے چترال عبدالاکبر چترالی نے مقامی صحافی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے خوشخبری دی ہے کہ اپر چترال کے لیے الگ گرڈ اسٹیشن کی بھی باقاعدہ منظوری ہو گئ ہے اور واپڈا کی ٹیم سائٹ سروے کیلئے 19 جون کو کاغلشٹ اپر چترال کا دورہ کرے گی۔ اپنے بنیادی حقوق کے لیے کامیاب تحریک چلانے پر تحریک حقوق عوام اپر چترال نےاپر چترال کے غیور عوام کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ ان کا شکریہ بھی ادا کیاہے اور ساتھ ساتھ عوامی نمائندوں ایم این اے عبدالاکبر چترالی،ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان، ایم پی اےوزیر زادہ اورضلعی ناظم حاجی مغفرت شاہ کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے عوام کے مسائل حل کرنے میں اپنا مثبت کردارادا کیا۔اُنہوں نے امید کا اظہار کیا ہے ان اقدامات کے بعد اپر چترال کے عوام کو لوڈ شیڈنگ سے مستقل نجات ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں