176

لوئر چترال میں تعینات اپر چترال کے ڈومیسائل والے ملازمین کا تبادلہ اپر چترال کیا جائے/ویلج کونسل ناظمین

چترال (بشیر حسین آزاد)ویلج کونسل ناظمین فورم لوئرچترال نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اب چونکہ اپر چترال کا ضلع عملاً وجود میں آچکا ہے لہذا ضلع لوئر چترال میں ڈسٹرکٹ کیڈر کے سرکاری آسامیوں پر کام کرنے والے اپر چترال کا ڈومیسائل رکھنے والے سرکاری ملازمین کو ضلع اپر چترال ٹرانسفر کیا جائے۔ اس سلسلے میں ویلج کونسل ناظمین فورم کا ایک ہنگامی اجلاس فورم کے صدر کی سربراہی میں گذشتہ روز منعقد ہوا جس میں چترال کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء اجلاس نے چترال کو دو ضلعوں میں تقسیم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا تاہم اجلاس میں اس بات پر تشویش کا بھی اظہار کیا گیا کہ چترال کے دو ڈسٹرکٹ میں تقسیم ہو نے کے با وجو د بھی لوئر چترال میں مقیم اپر چترال کے ڈومیسائل والے ملازمین کو لوئر چترال کے ڈسٹرکٹ کیڈر کے پوسٹوں پر ہی رکھا گیا ہے جو کہ لوئر چترال کے ملازمین اورعوام کے ساتھ ساتھ اپر چترال کے عوام کے ساتھ بھی زیادتی ہے کیونکہ اپر چترال نیا ضلع بننے کے بعد ابتدائی طور پر بہت انتظامی مشکلات سے دوچار ہے،جن کو حل کر نے کیلئے اپر چترال کو تجربہ کارملازمین کی ضرورت ہے تاہم اپر چترال کو موجودہ تجربہ کار ملازمین سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے جس کی وجہ سے اپرچترال کے ساتھ ساتھ لوئر چترال کو بھی نقصاں پہنچ رہا ہے۔
آل ناظمین فورم لوئر چترال نے قرارداد کے ذریعے صوبائی حکومت سے درخواست کی کہفوری طور پر لوئر چترال میں ڈسٹرکٹ کیڈر کی ملازمین ہیں انہیں اپر چترال ٹرانسفر کیا جائے تاکہ لوئرچترال کے ملازمین کو پروموشن کے ساتھ ساتھ ملازمت کے نئے مواقع بھی میسرہو جائیں اور لوئر چترال میں جو بے روزگاری کا بوجھ ہے وہ بھی کم ہو جائے۔ بصورت دیگر ہم عوامی سطح پر احتجاج کریں گے اور اپنے حقوق لے کررہیں گے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور مقامی ضلعی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں