159

چترال پیسکو کاصارفین کو مختلف حیلے بہانوں سے تنگ کرنے کا سلسلہ جاری،شاخ تراشی کا بہانہ بناکرچار گھنٹوں سے زیادہ کی لوڈ شیڈنگ جاری

چترال/پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے چترال میںبجلی کے 43ہزار سے ذیادہ صارفین کو مختلف حیلے بہانوں سے تنگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کا تازہ ترین مثال جمعرات اورجمعہ کے دن بجلی کی چار گھنٹوں سے زیادہ کی بلاجواز بندش ہے جس کا جواز مختلف علاقوں میں ٹرانسمیشن لائن کے ساتھ درختوں کی شاخ تراشی بتائی گئی۔ چترال شہر کے قریب جوٹی لشٹ میں واقع گرڈ اسٹیشن میں عملے کے مطابق پیسکو نے شاخ تراشی کے لئے تین گھنٹوں کی پرمٹ لے لی تھی جوکہ شام 6بجے کو ختم ہونا تھا اور پیسکو کے لائن سپرنٹنڈنٹ کو ذاتی طور پر گرڈ اسٹیشن جاکر اطلاع دینا تھا لیکن پیسکو کے متعلقہ حکام ایک گھنٹے کی تاخیر سے گرڈ اسٹیشن پہنچ گئے اور صارفین کو ایک گھنٹے کا مزید انتظار کرنا پڑا۔ ایس ڈی او پیسکو کا موبائل فون کا جواب دینے سے بار بار کتراتا رہا جبکہ متعلقہ لائن سپرنٹنڈنٹ شام 7بجے کے قریب جوٹی لشٹ میں ہونے کی بجائے پیسکو آفس میں موجود تھا۔ ان سے جب بجلی کی بحالی میں تاخیر کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا اور نہ ہی انہیں جمعہ کے دن شاخ تراشی کے علاقوں کا واضح علم تھا۔ اس سلسلے میں پیسکو کے ڈائرکٹر جنرل پبلک ریلیشنز سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ انہیں چترال میں بجلی کی بندش کے بارے میں کوئی علم نہیں اور نہ ہی انہیں اس بارے میں اطلاع دی گئی تھی البتہ انہوں نے متعلقہ افسران سے معلومات حاصل کرنے اور میڈیا کو فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی لیکن اس رپورٹ کو فائل کرتے وقت تک ان کی طرف سے کوئی معلومات فراہم نہیں ہوئی۔ چترال میں بجلی کے صارفین کا کہنا ہے کہ پاؤر سپلائی کمپنی پر لازم ہے کہ بجلی کی بندش کی پیشگی اطلاع صارفین کو دی جائے لیکن پیسکو کے چترال میں حکام اپنے آپ کو کسی قانون اور قاعدے سے بالاتر سمجھتے ہیں اور گزشتہ دنوں سے بجلی کی بندش کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں