334

چترال میں ڈیجیٹل لائبریری اور لائبریری آٹومیشن پر  ورکشاپ

گورنمنٹ کالج چترال میں ڈیجیٹل لائبریری کے قیام اور موجودہ لائبریری کے آٹومیشن کے عمل کی تکمیل کے بعد اس میں ایک دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس کا مقصد انفارمیشن سائینسز کے سلسلے میں جدید ٹکنالوجی سے آگہی پیدا کرنا تھا۔ ورکشاپ کے ریسورس پرسن اسلامیہ کالج پشاور کے لائبریرین اور اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے اسسٹنٹ ڈائیرکٹر ٹریننگ جناب ذیشان الدین خٹک صاحب تھے۔  ورکشاپ کے پہلے دن ضلع چترال کے اندر کام کرنے والی لائبریریوں کے عملے کو ڈیجیٹل لائبریری کے استعمال اور موجودہ لائبریریوں کی اٹومیشن کے بارے میں آگہی دی گئی۔ جبکہ دوسرے دن گورنمنٹ کالج چترال کے تدریسی سٹاف کو ریسرچ میں ڈیجیٹل لائیبریری کے استعمال کے طریقوں سے روشناس کرایا گیا۔ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں پوسٹ گریجویٹ کالج آف منیجمنٹ سائینسز کے پرنسپل پروفیسر صاحب الدین اور پروفیسر شمس النظر فاطمی خصوصی مہمان تھے۔ اس موقع پر خظاب کرتے ہوئے مہمانوں نے گورنمنٹ کالج چترال کو اس ڈیجیٹل لائبریری کی سہولت فرہم ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ اختتامی تقریب میں گورنمنٹ کالج چترال کے پرنسپل پروفیسر ممتاز حسین نے جناب ذیشان الدین خٹک  کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نہ صرف وقت نکال کر  اس ورکشاپ میں شرکت کی بلکہ لائبریری کو کثیر تعداد میں برقی کتابوں کا عطیہ بھی دیا۔ انہوں موجودہ لائیبریری کی آٹومیشن کے مشکل کام کو سرا نجام دینے پر کالج کے لائبریرین الطاف حسین کی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ کالجوں میں بی ایس پروگرام کے آغاز کے بعد ریسرچ کے لیے لائبریری اور سائینس لیبارٹریوں کے وسائل پر بہت دباؤ ہے۔ انہوں نے بتایا  حکومت کالجوں کو  کافی وسائل فراہم کر ہی ہے، جس کی ایک مثال ڈیجیٹل لائبریری ہے جو تیس لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی ہے۔  اس کے علاوہ سائینس لیبارٹیریوں کے لیے بھی فراخدلی سے وسائل دستیاب ہیں۔  لیکن چونکہ ترقیاتی منصونوں کی تکمیل میں کافی وقت لگتا ہے، اس لیے ہم  مقامی وسائل سے کام لے کر ہنگامی بنیادوں پر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے آئی ٹی لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن، سنٹرل ریسورس لیبارٹری اور شعبہ نباتات میں بوٹنیکل گارڈن کے قیام، نیز لائبریری کی آٹومیشن کا ذکر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کالج کے تحقیقی وسائل نہ صرف اس کے اپنے طلبہ بلکہ پورے ضلع کے اساتذہ اور طلبہ کے لیے دستیاب ہونگے۔ انہوں نے لائبریری میں دستیاب سہولتوں کی تفصیل دیتے ہوئے بتایا کہ اسے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ڈیجیٹل لائیبری کے ذریعے پوری دنیا میں شائع ہونے والے تحقیقی رسائل تک رسائی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ لائبریری کی اپنی کلیشن آٹھ ہزار کتابوں اور بارہ ہزار ای بُکس پر مشتمل ہے جو آن لائن دستیاب ہونگے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ای بُکس کی تعداد میں آنے والے دنوں میں کئی گنا اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کالج کے سٹاف، طلبہ سے کہا کہ ان وسائل سے بھر پور فایدہ اُٹھائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں