195

خیبرپختونخوا کے مختلف محکمہ جات میں 84 ہزار خالی آسامیوں کا انکشاف

خیبرپختونخوا کے مختلف محکمہ جات میں 84 ہزار خالی آسامیوں کا انکشاف ہوا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ پچھلے تین سالوں سے خالی پڑی ہیں جنہیں ختم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

18 جون کو صوبائی بجٹ پیش کرتے ہوئے محکمہ خزانہ کی جانب سے ایک رپورٹ پیش کی گئی جس میں یہ انکشاف کرتے ہوئے کہا گیا کہ خالی آسامیوں کے باوجود کسی بھی محکمے کا کام متاثر نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں بشمول خزانہ تمام محکمہ جات کو ہدایت کی گئی ہے کہ موجودہ خالی آسامیوں کا جائزہ لیا جائے اور اس کی روشنی میں یکے بعد دیگرے تمام خالی آسامیاں باقاعدہ ختم کردی جائیں۔

سرکاری ذرائع کا اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ان 84 ہزار آسامیوں کو ختم کرنے کی منظوری دی گئی ہے کیونکہ ازروئے قانون جس محکمے میں بھی کوئی آسامی چھ ماہ سے زائد عرصہ کیلئے خالی رہ جائے اسے ختم کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ان آسامیوں کے حوالے سے عدالت میں کیس کی سماعت جاری ہے تاہم اس میں پبلک سروس کمیشن کے معاملات بھی ہیں اس لیے اس کیس کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کی گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں