Site icon Daily Chitral

جلانے کی لکڑی کے بحران پر قابو پانے کے لئے انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے/بشارت احمد

دروش(نامہ نگار) موسم سرما میں جلانے کی لکڑی کی دستیابی چترال کے عوام کے لئے اکثر درد سر بنتی رہی ہے۔ اس سال بھی عوام کوجلانے کے لکڑی کی عدم دستیابی اور من مانی قیمتوں کا سامنا کرنا پڑا مگر ضلعی انتظامیہ نے اس حوالے سے ایک پالیسی وضع کرلی ہے جسکے بعد امید کی جارہی ہے کہ عوام کو جلانے کی لکڑی سرکاری نرخ پر میسر آئے گی۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر درو ش بشارت احمد نے میڈیا کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے پالیسی مرتب کی ہے اور ڈپٹی کمشنر چترال کی ہدایت پر اس پر سختی سے عملدرآمد شروع کی گئی ہے جسکے بعد جلانے کی لکڑی بلیک میں فروخت نہیں کی جا سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر کوئی لکڑی سٹاک سے خریدے گا اور براہ راست خریداری پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلانے کی لکڑی کے حوالے سے بھی انتظامیہ نے پرمٹ سسٹم کا اجراء کیا ہے اور اپر چترال وغیرہ سے صارفین بھی پرمٹ پر لکڑی خریدیں گے۔ انہوں نے کہا اس عمل کے نتیجے میں لکڑی کے اسٹاکوں میں مطلوبہ مقدار میں لکڑی دستیاب ہو جائیگی کیونکہ بلیک میں فروخت پر پابندی لگ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال اور دروش و دیگر علاقوں میں قائم اسٹاک میں ہمارے اہلکار موجود ہیں جو پرمٹ کے مطابق اور سرکاری نرخ پر لکڑی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دروش میں لکڑی کی سرکای قیمت 330روپے من، چترال میں 380روپے من اور بونی میں 480روپے من مقرر کی جا چکی ہے اور اسی ریٹ پر عوام کو لکڑی فراہم ہوگی۔

Exit mobile version