417

تریچ میر ڈرائیور یونین نے 5جولائی سے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا

چترال (محکم الدین) تریچ میر ڈرائیور یونین چترال نے 5 جولائی 2019 سے اپنے مطالبات منظور ہونے تک پہیہ جام ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے یونین آفس چترال میں صدر صابر احمد کی زیر صدارت اجلاس میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیاکہ حکومت کی طرف سے تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں اور موجودہ حالات میں پرانے کرایوں پر سروس مہیا کرنا ان کی بس سے باہر ہو چکا ہے جبکہ نئے کرایوں کے لئے بار بار مطالبات کے باوجود انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی ناراضگی ظاہر کی کہ الیکشن 2018 کے چھبیس لاکھ روپے اب بھی حکومت کے ذمے واجب الادا ہیں جن کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں،حکومت کی طرف سے الیکشن میں ڈرائیور برادری کی حوصلہ افزائی کرکے انعام دینے کی بجائے الٹا ان کو اصل حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ا نہوں نے کہاکہ حکومت تا حال ادائیگی کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے جس کی وجہ سے غریب ڈرائیور اپنی گاڑیوں کی مرمت سے قاصرہیں۔ انہوں نے کہاکہ چترال انتظامیہ کی طرف سے اس ظلم و زیادتی کے خلاف تریچ میر ڈرائیور یونین 5 جولائی سے ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
درین اثنا 7جولائی سے چترال کا مشہور ترین پولو فیسٹول دنیا کے بلند ترین سیاحتی مقام شندور میں شروع ہو رہا ہے جس میں شرکت کیلئے سیاحوں کو ابھی سے ہی گاڑیوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے اگر پیہ جام ہڑتال رہی تو مقامی لوگوں اور سیاحوں کو مزیدمصائب سے دوچار ہونا پڑے گا۔اجلاس میں سنیئر نائب صدر زاہد خالق،جنرل سیکرٹری فضل ناصر،سنیئر نائب صدردروش احمد سید اور صدر سب ڈویژن غلام مر سلین بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں