230

پاکستان تحریک انصاف ڈسپلین اور بہترین نظم و نسق کی وجہ سے گلگت بلتستان میں مقبول اور منظم جماعت کے طورپر ابھر کر سامنے آئی ہے/ساجدہ صداقت

پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی صوبائی سیکریٹری اطلاعات ساجدہ صداقت نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف ڈسپلین اور بہترین نظم و نسق کی وجہ سے گلگت بلتستان میں مقبول اور منظم جماعت کے طورپر ابھر کر سامنے آئی ہے اور گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے PTI کی بھرپور حوصلہ افزائی کی دیگر بہت ساری وجوہات میں ایک بڑی وجہ پارٹی میں قائم ڈسپلین ہے۔میڈیا کو جاری بیان میں ساجدہ صداقت نے کہاہے کہ پارٹی کی صوبائی اور مرکزی قیادت کی جانب سے کئے جانے والے فیصلوں کی روشنی میں پارٹی کو فعال بنانے میں خواتین ونگ ،انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن اور انصاف یوتھ ونگ کا اہم کردار ہے اور ان تمام ذیلی تنظیموں کا کردار 2020 کے انتخابات میں دیگر سیاسی جماعتوں کی شکست اور پی ٹی آئی کی کامیابی میں اہم رہے گا انہوںنے کہاہے کہ وفاقی وزیر اعلیٰ امین گنڈا پور اور گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون بھرپور قائدانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور بہت جلد گڈ گورننس کے قیام ،کرپشن کے خاتمے ،میرٹ کے فروغ اور ترقیاتی سیکموں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے پارٹی کی صوبائی قیادت سمیت گورنر گلگت بلتستان اور وفاقی وزیر برائے امور گلگت بلتستان اپنا بھرپور کردار ادا کرتے نظر آئینگے۔ ساجدہ صداقت نے کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن ملکر کرپشن ،لوٹ مار، بدانتظامی اور بیڈ گورننس کو فروغ دیتے رہے ہیں جس کی وجہ سے سالانہ اربوں روپے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر خرچ کرنے کے باوجود نہ تو پانی میسر ہے اور نہ ہی بجلی جبکہ سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور ترقیاتی بجٹ کا بذریعہ وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن کے قریبی چند ساتھیوں کی معاشی حالت ٹھیک کرنے پر خرچ ہورہا ہے انہوںنے کہاکہ سرکاری اداروں میں بغیر کسی ٹیسٹ انٹرویو کے بھرتیوں کا عمل جاری ہے اور حق دار کو حق سے محروم رکھ کر گلگت بلتستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو مایوسی کے دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ریاست مخالف عناصر ایسے نوجوانوں کو اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان کو تعمیر وترقی کی راہ پر ڈالنے اور ریاست مخالف مٹھی بھر عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے گلگت بلتستان میں میرٹ کو فروغ دینے، کرپشن کے خاتمے اور حق دار تک حق پہنچانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جس کا آغاز پاکستان تحریک انصاف کرے گی جس سے گلگت بلتستان کے عوام بالخصوص نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسیوں میں بہت حد تک کمی آئیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں