213

شاہی مسجد چترال میں ایک مثالی قابل تقلید نکاح کی تقریب

چترال /پیر15جولائی کوشاہی مسجد چترال میں ظہر کی نماز کے بعد خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان کی بیٹی کا نکاح فضل عظیم مہتر جو (بروز، بِیر بولک ) کے فرزند ارجمند حافظ عالمگیر کے ساتھ بعوض ِمہر فاطمی انتہائی سادہ مگر پروقار انداز میں ہوا. تقریب ِ نکاح میں فریقین کے رشتہ داروں کے علاوہ دوست احباب اور معززین کی کثیر تعداد نے شرکت کی. نکاح پڑھانے کا فریضہ قاری شبیر احمد نقشبندی نے سرانجام دیا.۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خطیب شاہی مسجد مولانا خلیق الزمان نے کہا کہ سید الکونین صلی اللہ علیہ و سلم کا اسوہ ء حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے. مسلمانوں کی کامیابی صرف اور صرف آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی مبارک سنتوں پر عمل پیرا ہونے میں ہے. خطیب صاحب نے اس بات پر نہایت افسوس کا اظہار کیا کہ آج ہم نے نکاح جیسے اہم فریضے کو مشکل سے مشکل تر بنا دیا ہے. حالانکہ نکاح جیسے مبارک عمل کو سادہ بنانے میں بہت سارے معاشرتی مسائل کا حل موجود ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ آج میں نے اپنی حافظہ عالمہ اور ماسٹر ڈگری ہولڈر بیٹی کے نکاح کی تقریب اپنی بیٹی کی مرضی و منشا کے مطابق شاہی مسجد میں منعقد کرکے یہی پیغام عوام تک پہنچانے کی کوشش کی ہے کہ نکاح کی تقریب کسی بھی تکلف و تصنّع کے بغیرسادہ طریقے سے مسجد میں بھی منعقد ہوسکتی ہے. اس کے لیے لمبے چوڑے انتظامات ضروری تو نہیں ہیں.عوام کو بھی چاہیے کہ اپنے بچوں اور بچیوں کی شادی سادہ طریقے سے کروانے کی کوشش کریں. اس سے نہ صرف گھر پہ بیٹھے بچوں اور بچیوں کے رشتوں کا مسئلہ حل ہو گا بلکہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی ایک مبارک سنت کا احیاء بھی ہو گا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں