169

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایل این جی کیس میں گرفتار

نیب نے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی کو آج ایل این جی کیس میں طلب کررکھا تھا لیکن انہوں نے آج نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔

شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی پریس کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں احسن اقبال کے ساتھ لاہور جارہے تھے، نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور جاتے ہوئے ٹول پلازہ پر روکا جہاں نیب حکام انہیں ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کرکے ساتھ لے گئے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی اننقام قرار دیا ہے۔

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے نام اپنے پیغام میں لکھا کہ آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیراعظم گرفتار ہو گیا۔ مریم نواز نے مزید لکھا کہ جو عوام کے ووٹ سے آئے گا تو کیا یہی لاقانونیت، توہین اور ناانصافی اس کا مقدر بنے گی۔

واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے سابق دور حکومت میں بحیثیت وزیر پیٹرولیم قطر سے ایل این جی کا معاہدہ کیا تھا اور 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی پر الزام ہے کہ وہ اس ٹھیکے میں خود بھی حصہ دار ہیں، اس سلسلے میں نیب کی سفارش پر ان کا نام ای سی ایل میں بھی شامل ہے، شاہد خاقان عباسی نے کسی عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل نہیں کی تھی۔

وزیر ریلوے شیخ رشید بھی شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی درآمد کا کیس سپریم کورٹ لے کر گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں