169

قومی ادارہ صحت نے ضلع بنوں سے رپورٹ ہونے والے سال رواں کے 18ویں پولیو کیس کی تصدیق کردی

قومی ادارہ صحت نے ضلع بنوں سے رپورٹ ہونے والے سال رواں کے 18ویں پولیو کیس کی تصدیق کردی۔قومی ادارہ صحت کے مطابق پولیو وائرس کا شکار 10ماہ کی بچی کا تعلق ضلع بنوں کے یونین کونسل تختی خیل علاقہ صدگئی سے ہے جس کے ساتھ امسال خیبر پختو نخوا میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 36ہوگئی ہے۔نمائندہ ٹی این این کے مطابق صدگئی میں 10 ماہ کی بچی کے نمونے شک کی بنا پر تجزیہ کے لئے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری بھجوائے گئے جہاں سے موصول ہونے والی تفصیلی رپورٹ میں بچی میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کے والدین بچی کو پولیو قطرے پلانے سےمسلسل انکاری تھے، والدین نے اپنی بچی کو پولیو قطرے ہی نہیں بلکہ حفاظتی ٹیکہ جات لگوانے سے بھی انکار کیا تھا جس کی وجہ سے بچی پولیو وائرس کا شکار ہوئی۔خیال رہے کہ ضلع بنوں کو پولیو کے حوالے سے حساس ترین علاقہ قرار دیا جا چکا ہے، سب سے زیادہ کیسز (دو درجن سے زائد) بھی بنوں سے ہی رپورٹ ہوئے ہیں۔یہ بھی واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان ہی وہ دو ممالک ہیں دنیا بھر میں جہاں سے پولیو کے نئے کیسز سامنے آرہے ہیں، 36 خیبر پختونخوا، 3 سندھ اور تین پنجاب سے رپورٹ ہونے والے کیسز کے ساتھ پاکستان میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 42 ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں