198

آل ٹیچر ایسوسی ایشن انتخابات؛ وحدت اساتذہ اور انصاف ٹیچرز ایسوسی ایشن کا اتحاد، امیدوار نامزد کر دئیے

چترال(چ،پ)محکمہ تعلیم کے اساتذہ الیکشن کے سلسلے میں چترال میں انصاف ٹیچرز ایسوسی ایشن اور وحدت اساتذہ لوئر چترال نے باضابطہ طور پر اتحاد کرتے ہوئے”اتحاد اساتذہ“کے نام سے پینل تشکیل دے دیا جو کہ ستمبر میں ہونے والے آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے الیکشن میں حصہ لے گی۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز انصاف ٹیچرز ایسوسی ایشن اور وحدت اساتذہ کا اجلاس چترال میں منعقد ہوا جسمیں باہمی مشاورت کے بعد آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے الیکشن کے لئے دونوں تنظیموں کے اتحاد پر اتفاق کیا گیا۔ اتحاد اساتذہ پینل کی طرف سے لوئر چترال کی صدارت کے لئے امتیازالدین اور جنرل سیکرٹری کے لئے مفتی سعیدالحق کے ناموں پر اتفاق کیا گیا۔ اسکے علاوہ تحصیل چترال کی صدارت کے لئے مظفرالدین اور جنرل سیکرٹری کے لئے غلا اسحق اور تحصیل دروش کی صدارت کے لئے مولانا ظفرالدین اور جنرل سیکرٹری کے لئے حسین احمد کو نامزد کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے دونوں تنظیموں کے قائدین نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ کی خدمت اور نظام تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تمام اساتذہ کے جائز حقوق کی حفاظت اور حصول کے لیے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا جا ئے گیا اور تمام کیڈرز کی یکسان نمائندگی کو یقینی بنایا جا ئے گا۔
واضح رہے کہ اتحاد اساتذہ پینل کو آل این ٹی ایس ٹیچرز ایسو سی ایشن، ایس ایس ٹی ایسو سی یشن، ایکٹا، تنظیم العلماء اور دیگر تنظیموں کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔اجلاس میں متفقہ طور پر اتحاد اساتذہ پینل کے منشور کی بھی منظوری دی گئی جسمیں تما م کیڈرز کے مطالبات کو شامل کرنے کے علاوہ دوسرے اہم نکات بھی شامل کئے گئے۔مقررین نے کہا کہ اب تک تمام اساتذہ تنظیمو ں میں سے صرف وحدت اساتذہ اور انصاف ٹیچرز ایسو سی ایشن کا اتحاد ہوا ہے جبکہ دیگر تمام تنظیمیں اتحاد بنانے میں ناکام رہی ہیں جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں تنظیمیں اساتذہ کی خدمت اور نظام تعلیم کی بہتری کے لئے سنجیدہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں