184

گولین گول سیلاب کے 21دن گزرنے کے بعدموری پائین آبپاشی کی پائپ لائن بحالی نہ ہوسکی/متاثرین کاپریس کانفرنس

چترال(ڈیلی چترال نیوز)موری پائین چترال کے گولین گول سیلاب کے متاثرین کی نمائندگی کرتے ہوئے کونسلررحمت وزیرخان،محمدنبی خان،قدردان شاہ،رحمت نادر،گل حیدر اوردیگرنے چترال پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ گولین گول سیلاب کے 21دن گزرنے کے بعدموری پائین آبپاشی کی پائپ لائن بحالی نہ ہوسکی۔پائپ لائن سیلاب برد ہونے کی وجہ سے زراعت کاپانی ناپید ہے جس سے شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر ابپاشی کا نظام بحال نہ ہو ا تو ان کی رہی سہی معیشت برباد ہوکر رہ جائے گی کیونکہ سوفیصد گھرانوں کا دارومدار زراعت پر ہے اور فصلوں، سبزیوں اور میوہ جات کے درختوں کے سوکھ جانے کی وجہ سے انہیں ناقابل تلافی نقصان لاحق ہوگا۔ان کے مطابق لاکھوں پھلداردرخت سوکھنے،تقریباً چارہزار ایکڑ سے زیادہ رقبے پر کاشت مکئی سمیت دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں۔اُنہوں نے علاقے کومزیدتباہی سے بچانے کے لئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمودخان اوردیگرمتعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے فوری طورپرابپاشی کے نظام کوبحال کرنے کے لئے پائپ اوردیگرمیٹریل فراہم کرنے کی پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ باقی کام عوام اپنی مدد آپ کے تحت کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہماری فصلیں تباہ ہونے کی وجہ سے جانوروں کا چارہ بھی نہیں جس کے باعث جانور بھی مر رہے ہیں۔پانی کامسئلہ دن بہ دن سنگین ہوتاجارہاہے جس سے علاقے میں غذائی قلت پیداہونے کاخطرہ بھی ہے۔جس کے سبب علاقے کے لوگ نقل مکانی کرنے پرمجبورہونگے جن کی تمام تردیکھ بال رہائش،کھانے،پینے کابندوبست حکومت پرعائد ہوگی۔متاثرین موری پائین نے منتخب ایم این اے،ایم پی اے،ضلع ناظم اورتحصیل ناظم کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہو ئے اُن سے فوری مستعفی ہونے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے عوامی مسائل کرنے میں بُری طرح ناکام ہوچکے ہیں جو اس مشکل وقت میں عوامی مسائل حل نہیں کرسکتے توہمیں ایسے نمائندگی کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ آبپاشی کو کسی بھی قدرتی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیاررہنا چاہیئے۔ چترال کئی سالوں سے قدرتی آفات کے زدمیں ہیں،جہاں جہاں پائپ لائن متاثرہوئے ہیں انہیں فوری طورپربحال کرکے عوام کے مشکلات میں کمی لائی جائے۔انہوں نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو 72گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر اُنہوں نے متاثرین کے مطالبے پرغورنہیں کیا توعوام مجبور اً خاندان سمیت سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں