175

خیبر پختونخوا حکومت کا اقلیتوں کے مسائل جاننے کیلئے ہر ضلعی میں کھلی کچہری لگانے کا فیصلہ

پشاور۔۔۔ خیبر پختونخوا حکومت نے اقلیتوں کے مسائل جاننے اور ان کے حل کیلئے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی اورتحصیل سطح پر اقلیتوں کیلئے خصوصی کھلی کچہریوں کے انعقاد کے احکامات جاری کر دیئے۔خیبر پختونخوا کے محکمہ اوقاف حج  مذہبی و اقلیتی امور کی جانب سے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنروں کوبھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے وزیر اعظم شکایات سیل پر شکایات موصول ہوئی ہیں اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے مذکورہ شکایات کی روشنی میں محکمہ اوقاف کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز ضلع اور تحصیل سطح پر مذہبی اقلیتوں کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں تاکہ اقلیتی برادری کے مسائل ، شکایات اور تکالیف سامنے آسکیں اور بطور ڈپٹی کمشنرز انکے فوری حل کیلئے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیاجاتا ہے جس میں صوبے کے تمام محکموں کے نمائندے بھی موجود ہوتے ہیں کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل بروقت حل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے جا تے ہیں صوبے کے مختلف علاقوں میں اقلیتوں کیلئے بھی چند کھلی کچہریاں منعقد کی گئی ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں