184

فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے کیلئے اپر چترال کی سڑکوں کو کھنڈر بنادیا گیا ہے،حکام توجہ دیں /محمد پرویز لال

بونی(نامہ نگار)تحریک حقوق اپر چترال کے جنرل سیکرٹری محمد پرویز لال نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ محکمہ پی۔ٹی۔سی۔ایل ایکس چینجز کی اپ گریڈیشن کیلئے فائبر آپٹکس کی لائنیں بچھانے کیلئے اپر چترال کے تمام روڈز بشمول چترال بونی روڈ، بونی تورکہو، بونی مستوج اور موڑکھو روڈز کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے، کھدائی کے بعد مناسب بھرائی کاکام نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ گڑھے پڑے ہوئے ہیں اور وقت گزرنے اور بارشوں کے بعد روڈز کی حالت مزید خراب ہوچکی ہے جو کہ خدانخواستہ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تحریک حقوق عوام اپر چترال نے کئی مرتبہ متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا اور جلسوں اور قراردادوں کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا،مارچ کے مہینے میں ایس۔ڈی۔او سی اینڈ ڈبلیو طارق نے تحریک حقوق عوام کے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ اپنی نشست میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ پی۔ٹی۔سی۔ایل کی طرف سے سی اینڈ ڈبلیو کو پیسے ادا کئے جا چکے ہیں اور ہم عنقریب چترال۔بونی روڈ سمیت اپر چترال کے تمام روڈز کی صفائی اور بھرائی کاکام تسلی بخش طریقے سے کریں گے لیکن 4 مہینے گزرنے کے باوجود کوئی کام نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ بھی چترال بونی روڈ کی مرمت کے لیے فنڈز ریلیز ہوکر ٹینڈر کے بعد ٹھیکہ دار کو دیا جاچکا ہے لیکن کافی عرصہ گزرنے کے باوجود کام شروع نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ اُنہوں نے مندرجہ بالا حقائق کی روشنی میں تحریک حقوق عوام اپر چترال کی طرف سے متعلقہ اداروں، مجاز افسران اورٹھیکہ دار سے پُرزور مطالبہ کیا کہ روڈز کی مرمت اور بھرائی کے کام کو جلد از جلد شروع کرنے میں اپنا کرداراداکریں تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جاسکے۔ اگر فوری طور پر کام کا آغاز نہ کیا گیا تو تحریک حقوق عوام اپر چترال کے پلیٹ فارم سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں