234

72واں یوم آزادی کوروایتی جوش خروش سےچترال میں منایاجاۓ گا

چترال (بشیر حسین آزاد) 72واں یوم آزادی کوروایتی جوش اور ولولہ اورخصوصاً کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے منانے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے مختلف تقریبات ترتیب دی ہے جن میں پرچم کشائی، دن کی مناسبت سے تقاریب، مشاعرے، کھوار مشاعرہ، پولو میچ اور ثقافتی شو شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لویر چترال نوید احمد نے ان پروگرامات کی کوارڈینیشن کے لئے اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالولی خان کو فوکل پرسن مقررکیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پروگرامات صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شروع ہوں گے اور رات 11بجے تک جاری رہیں گے۔ ڈی سی چترال صبح 9بجے پولو گراونڈ میں پرچم کشائی کریں گے جس کے بعد چترال سکاوٹس، چترال پولیس اور چترال لیویز کی طرف سے مشترکہ بینڈ ڈسپلے اور مارچ کا مظاہرہ ہوگا جبکہ اس موقع پررسہ کشی کا مقابلہ بھی ہوگا۔ ڈی سی چترال نوید احمد اس موقع پر انعامات تقسیم کریں گے۔ دوپہر 2بجے ٹاؤن ہال میں کھوار مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں ارض پاک کے بارے میں اپنے جذبات و خیالات کو اشعار کی زبان میں بیان کریں گے۔ سہ پہر کو پولو میچ چترال کے دو ٹیموں چترال اے اور چترال بی کے درمیان کھیلا جائے گااور شام 9بجے گورنرز ہاؤ س میں ثقافتی شو پیش کیا جائے گا۔ دریں اثناء جشن آزادی کے سلسلے میں مختلف اداروں نے دفاتر کے احاطے کو قومی پرچموں سے سجادیا ہے۔ عید الاضحی کی تعطیل کے باوجود لوگ جشن آزادی کو شایان شان طور پر منانے کے لئے تیاریوں میں مصروف دیکھے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں