506

شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شیرینگل نے بی اے، بی ایس سی اور بی کام سیشن 2019کے نتائج کا اعلان کردیا۔ چترال کی طالبات نے تینوں پوزیشنیں اپنے نام کر لی۔

واڑی(نمائندہ ) شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی نے بی اے، بی ایس سی  اور بی کام امتحانات برائے2019کے نتائج کا اعلان کردیا۔اس حوالے سے جامعہ شرینگل کے شعبہ امتحانات میں ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جسمیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر مد رار اللہ، کنٹرولر امتحانات صاحبزادہ مراد حسین، ڈایریکٹر فنانس محمد ادریس، ایڈیشنل رجسٹرار علی ابراہیم اور دیگر انتظامی افسران سمیت ایگزامینیشن سٹاف نے شرکت کی۔کنٹرولر امتحانات صاحبزادہ مراد حسین بے نتیجے کا اعلان کیا۔  بی اے، بی ایس سی  کے امتحانات میں مجموعی طور پر9238امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے کل4049امیدوار کامیاب قرار پائے، یوں کامیابی کا مجموعی تناسب 44فیصد رہا۔ بی اے،بی ایس سی میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بونی کے طالبات نے  پہلی اور دوسری پوزیشنز  اپنے نام کیں۔ مذکورہ کالج کی طالبہ شا ہانہ گل فام ولد رحمت الاعظم نے رول نمبر 08777کے تحت کل 550 میں سے 460نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی اور اس کالج کی طالبہ زینت بہار ولد بہادر شاہ نے رول نمبر 08823کے تحت کل 550میں سے 452نمبر لیکر دوسری پوزیشن اپنی نام کر لی جبکہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چترال کی طالبہ فرہانہ شریف ولد شریف اللہ نے رول نمبر 08202کے تحت کل 550میں سے 446نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔کنٹرولر امتحانات صاحبزادہ مراد حسین نے امتحانات کے نتایج کا اعلان کرتے ہوئے پوزیشن ہولڈرطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پورے سٹاف نے انتہائی محنت اور لگن کا مظاہرہ کرکے قلیل وقت میں سارا عمل مکمل کیا میں سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے تمام کامیاب طلباء وطالبات کو مبارکباد دی۔انہوں نے کنٹرولر امتحانات اور پورے سٹاف کے کام کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی اور بھر پور تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں