342

فیصل موورز مینگورہ ٹرمینل نے پاک چین دوستی کا نیا باب کھولتے ہوئے سوات تا چین بس سروس کا آغاز

پشاور۔فیصل موورز مینگورہ ٹرمینل نے پاک چین دوستی کا نیا باب کھولتے ہوئے سوات تا چین شاندار بس سروس کا آغاز کیا ہے جس کا افتتاح کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود، چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان اور ایم این اے سلیم الرحمن نے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران کیا۔ تقریب میں فیصل موورز کے چیف ایگزیکٹیو حمید خان اور ٹرانسپورٹر حاجی فضل مولا کے علاؤہ سوات کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا ہے سوات میں سیاحت و ٹرانسپورٹ سے لیکر تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول بن چکا ہے۔

قیام امن کے بعد یہاں معیشت، صنعت و تجارت کی سرگرمیوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے کیونکہ سوات قدرتی حسن سے مالا مال خطہ ہے ملک بھر کے علاوہ بیرونی ملکوں سے سیاح سوات آ رہے ہیں جس کی وجہ سے یہاں سیاحت کے علاوہ دیکر تمام شعبوں میں مثالی ترقی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجود حکومت کے مثالی اقدامات اور عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کا اعتماد دوبارہ  بحال ہوچکا ہے اب محب وطن سمندر پار پاکستانی بھی اپنے ملک میں تیزی سے سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس سے مقامی لوگوں کو روزگار کی مواقع فراہم ہو رہے ہیں اور ملک کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل موورز انتظامیہ کا سوات کے سیاحتی مقامات کے علاؤہ چین، ایران اور ترکی تک اپنی شاندار سروس کا پروگرام انتہائی خوش آئندہ ہے دوسرے ٹرانسپورٹرز کو بھی چاہئے کہ اس طرح کی سروسز شروع کریں جو سیاحت و کاروبار کے علاؤہ طلباء کیلئے بھی بہت کارامد اور مفید ثابت ہونگی ٹرمینل منیجر نے بتایا کہ مینگورہ تا چین ہفتہ وار سروس کے دوران بس ہفتہ کو علی الصبح اسلام آباد موٹروے کے راستے حویلیاں تا ناران و کاغان پہنچے گی جہاں مسافروں کو معیاری ناشتہ کرانے پر آدھا گھنٹہ کے بعد گلگت روانہ ہو گی اور رات 9 بجے سست بارڈر پہنچے گی جہاں معیاری ہوٹل میں ڈنر اور صبح ناشتہ کے بعد امیگریشن مراحل کے ساتھ یہ سفر پیر کی شام کو چینی صوبہ کاشغر کے شہر تاشکرگن پہنچنے پر اختتام پذیر ہو گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں