196

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم، ایف ٹی ایس کے زیرنگرانی تمام ٹسٹ منسوخ

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے اساتذہ کی بھرتی کیلئے فیئر ٹسٹنگ ایجنسی (ایف ٹی ایس) کے زیر نگرانی منعقدہ تمام ٹسٹ معطل کردیے اور ایجنسی کو 15 دن میں ٹسٹ کے دوبارہ انعقاد کا حکم دیدیا۔محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر اساتذہ کی بھرتی حکومت کی پالیسی رہی ہے جس کیلئے آزاد ٹسٹنگ ایجنسیوں کے ذریعے امیدواروں کے ٹسٹ اور انٹرویوز کا ایک شفاف و بااعتماد نظام وضع کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ (محولہ بالا مقصد کیلئے) تحریری امتحان کیلئے واضح قواعد و ضوابط پر مبنی باقاعدہ مفاہمتی یادداشتوں کے ذریعے ایک سے زائد ایجنسیوں کو انگیج کیا گیا، اس پالیسی سے حکومت کی نیک نامی میں اضافہ ہوا اور درس و تدریس کے معیار پر بھی اس کے مثبت اثرات پڑے ہیں (تاہم) ایف ٹی ایس کے زیرنگرانی منعقدہ ٹسٹ کے حوالے سے متعدد اضلاع سے منفی اطلاعات موصول ہوئیں جس کی بعد میں باقاعدہ تصدیق کی گئی۔اعلامیے کے مطابق مذکورہ ایجنسی صاف و شفاف امتحان کے اپنے معاہدے کی پاسداری میں ناکام ثابت ہوئی ہے لہٰذا صوبہ بھر میں اس کی زیرنگرانی ابتدائی و ثانوی تعلیم میں اساتذہ کی بھرتی کیلئے منعدہ تمام ٹسٹ منسوخ کیے جاتے ہیں اور ایجنسی کو تاکید کی جاتی ہے کہ 15 دن کے اندر اندر معاہدے کی شرائط کے عین مطابق امتحانات کا دوبارہ انعقاد کرے جن کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں