189

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات دسمبر تک کرائے جائیں /وزیراعظم کی صوبائی حکومت کوہدایت

پشاور(نامہ نگار) وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا حکومت کو دسمبر تک صوبہ بھر میں بلدیاتی انتخابات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی جبکہ پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے حکم امتناعی کو ختم کرنے کیلئے بھی محکمہ بلدیات کو ٹاسک سونپ دیا گیاہے۔ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات اور نئے نظام سے متعلق اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے نئے بلدیاتی نظام کو بہترین قرار دیا تاہم اس کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے احکامات جاری کئے کہ رواں برس دسمبر تک بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی اور سیکرٹری بلدیات ظاہر شاہ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے حکام نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات پر اپوزیشن کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کیا گیا ہے جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کا بروقت انعقاد ممکن نہیں ہے حکام نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے محکمہ بلدیات اپنی تیاری کر رہا ہے اور پوری کوشش کی جا رہی ہے دسمبر تک محکمہ مکمل طور پر تیار ہو۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والا حکم امتناعی ختم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر کے عدالت کو مطمئن کیا جائے اسی طرح جب تک حکم امتناعی جاری نہیں ہوتا محکمہ بلدیات اپنی سرگرمیاں جاری رکھے اور بلدیاتی انتخابات کیلئے اپنی تیاری مکمل کرے وزیر اعظم نے بلدیاتی انتخابات دسمبر تک کرانے کی ہدایت کر دی ہے تاہم محکمہ بلدیات کو صوبے کے طول و عرض میں موسم کی شدت کو بھی مدنظر رکھنے کا کہا گیا ہے۔خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نظام کی مدت 28اگست کو ختم ہو چکی ہے جس کے بعد بلدیاتی نمائندوں کا اختیار ڈپٹی کمشنرز، ٹی ایم اوز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ کو سونپے گئے ہیں آئین کے مطابق الیکشن کمیشن رواں برس 28دسمبر سے قبل بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے تاہم محکمہ بلدیات کی جانب سے قوائد و ضوابط کی تیاری سے متعلق سست روی پر الیکشن کمیشن کئی مرتبہ اظہار برہمی بھی کرچکا ہے واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق جمعیت علماء اسلام ف کے رکن صوبائی اسمبلی محمود احمدبیٹنی کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ حکم امتناعی جاری کرچکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں