185

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے حالیہ دورہ چترال میں انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کرکے کالاش کمیونٹی کادل جیت لیا ہے/کالاش عمائدین

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) کالاش وادی بمبوریت، رمبور اور بریر کے عمائیدیں نے کالاش قبائل میں موت کے موقع پر تقریب پر اٹھنے والی بھاری اخراجات سے نمٹنے میں مدد دینے کے لئے انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کے لئے 5کروڑ روپے کی خطیررقم کا اعلان کرنے پر چیف منسٹر خیبر پختونخوا محمود خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے تاریخی قدم قرار دیا اور کہاکہ اس کے نتیجے میں غربت میں خاطر خواہ کمی آئے گی کیونکہ کالاش کمیونٹی کی آمدنی کا خاطر خواہ حصہ اس تقریب میں صرف ہوتا تھا۔ جمعرات کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بمبوریت ویلی کے نورشاہدین، شاہی گل، لالی گل اور ایران بی بی، رمبور ویلی کے سیف اللہ جان اور شہزادہ خان اور بریر وادی کے انت بیگ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے حالیہ دورہ چترال میں انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کرکے کالاش کمیونٹی کادل جیت لیا ہے جوکہ مرگ کے موقع پر اپنی مذہبی عقائد کے مطابق بھاری رقم خرچ کرتے ہیں جوکہ مہنگائی وگرانی کے اس دور میں غریبوں کے لئے ناقابل برداشت بنتا جارہا تھا جس کی وجہ سے وہ قرضوں کے جال میں پھنس جاتے تھے۔ انہوں نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض محسود، ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد سمیت ایم پی اے وزیر زادہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کی کوششوں اور نشاندہی کرنے پر وزیر اعلیٰ نے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کالاش وادیوں کو جانے والی سڑکوں کی تعمیر کیلئے یقین دہانی کر نے پر بھی شکریہ ادا کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں