175

اپر چترال میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر سے شدت اختیار کرگیا ہے۔پرویز لال جنرل

رویز لال جنرل سیکرٹری تحریک حقوق عوام نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ اپر چترال میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر سے شدت اختیار کرگیا ہے جسکی وجہ سے عوام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ ریشن بجلی گھر کی تباہی کے بعد عرصہ تین سال تک پورا اپر چترال بجلی سے مکمل طور پر محروم رہا۔ جس کے بعد خدا خدا کرکے جب گولین گول بجلی گھر کا افتتاح ہوا تو اپر چترال کے چند علاقوں میں این۔جی۔اوز کے بنائے ہوئےچھوٹے پن بجلی گھروں کو جواز بنا کر اپر چترال کو بجلی سے محروم رکھنے کی کوشش کی گئی۔ اس سلسلے میں اپر چترال کے غیور عوام سراپا احتجاج ہوئے اور مختلف جلسوں، دھرنوں اور آخر کار لانگ مارچ کے بعد اپنا حق لینے میں کامیاب ہو گئے۔ بجلی کی باقاعدہ ترسیل کے کچھ عرصے بعد پھر سے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ جس کے خلاف اپر چترال کے عوام نے تحریک حقوق عوام اپر چترال کے پلیٹ فارم سے کئی احتجاجی مظاہرے کیے اور آخر کا جوٹی لشٹ گرڈ اسٹیشن میں اپر چترال کیلئے 7 میگاواٹ کا الگ ٹرانسفارمر نصب کیا گیا اور کاغلشٹ کے مقام پر ایک الگ گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی۔ اُنہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے گولین گول میں سیلاب آنے کی وجہ سے پاور ہاؤس بھی متاثر ہوا اور بحالی کے کام کے دوران نیشنل گرڈ سے بجلی کی سپلائی جاری رہی جوکہ حوصلہ افزا تھی۔ اور شیڈول کے مطابق لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی۔ گولین گول پاور ہاؤس کی بحالی کے بعد تاثر یہ تھا کہ لوڈ شیڈنگ سے نجات مل جائے گی کیونکہ اپر چترال کے لیے الگ ٹرانسفارمر بھی نصب ہوچکا ہے اور بجلی کی پیداوار بھی زیادہ ہے لیکن جب سے گولین گول سے بجلی بحال ہوئی ہے غیر متوقع طور پر بے جا لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروغ کردیا گیا ہے جسکا نہ کوئی شیڈول ہے نہ کوئی دورانیہ۔ اس وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام اپر چترال، تحریک حقوق عوام اپر چترال کے پلیٹ فارم سے اس بے وجہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز شروع کرچکے ہیں۔ عنقریب اس سلسلے میں ایک مشترکہ میٹنگ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں اپر چترال کے تمام علاقوں سے تحریک حقوق عوام اپر چترال کے نمائندگان شرکت کرینگے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔پرویز لال نے کہا کہ مندرجہ بالا حقائق کی روشنی میں تحریک حقوق عوام اپر چترال متعلقہ اداروں اور مجاز افسران سے گزارش کرتی ہے کہ اپر چترال میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے۔ ساتھ ساتھ حسب وعدہ اپر چترال کے لیے الگ گرڈ اسٹیشن پر کام کا آغاز کیا جائے اور الگ ٹرانسمشن لائن بچھایا جائے اور اپر چترال کے بالائی علاقوں تریچ، ریچ ، اور یارخون اور دوسرے بالائی علاقے جن کو اب تک بجلی نہیں دی گئی ہے فوراً لائنیں بچھا کر بجلی مہیا کی جائے بصورت دیگر تحریک حقوق عوام کے پلیٹ فارم سے زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کیے جائیں گے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی زمہ داری متعلقہ اداروں اور حکومت وقت پر ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں