207

پرنسپل مس کیری کا سکول اساتذہ سے تحریری معافی مانگنے کا مطالبہ، والدین کا عدالت سے رجوع یابھرپوراحتجاج کیلئے مشاورت کا فیصلہ

چترال (نمائندہ)لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج کے طلباء کے والدین کمیٹی کے ممبران جب پرنسپل مس کیری سے جنگ بازار سکول سیکشن میں ملاقات کیلئے پہنچے تو پرنسپل نے کمیٹی کے تمام ممبران سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا اورکمیٹی کے چندممبران کے نام پرچی پر لکھ کران سے ملاقات کے لئے راضی ہوئی۔ جس پرکمیٹی کے ممبران نے انتہائی افسوس اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹی کے ممبران مسئلے کے حل کیلئے کوشش کررہے ہیں مگرپرنسپل کی ہٹ دھرمی اور رویہ انتہائی نامناسب ہے تاہم تین چارممبران نے ان کے دفتر میں ان سے مختصر ملاقات کی اوراُن سے سکول کو کھولنے کی استدعا کے ساتھ احتجاجی اساتذہ کی ذمہ داری لینے اورمسئلہ کے حل کیلئے اپنی تعاون کی پیش کش کی تو اس پر پرنسپل نے ہر ایک احتجاجی ٹیچر کی طرف سے باقاعدہ تحریری معافی مانگنے اورہر ایک ٹیچر سے الگ الگ ملاقات کا مطالبہ کیا جس پر کمیٹی کے ممبران نے چیئرمین کی موجود گی میں ملاقات کیلئے مشورہ دیا توانہوں نے صاف انکارکرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ایس ڈی پی او ظفر احمد ان کے پاس بیٹھ سکتے ہیں جسکی موجود گی میں ہر ایک ٹیچرپرنسپل سے باقاعدہ تحریری معافی مانگے گا۔ جس پر کمیٹی کے ممبران بھی برہم ہوکران کے دفتر سے نکل گئے۔کمیٹی نے ممبران نے انتہائی کوشش کے بعد احتجاجی اساتذہ کو اپنے اعتماد میں لینے لیا تا کہ کسی طرح بچوں کی پڑھائی متاثر نہ ہومگر مس کیری کی طرف سے انکار کی وجہ سے معاملہ مذید طول پکڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیاہے۔جسکی وجہ سے غریب لوگوں کے بچے متاثرہورہے ہیں۔ بعض ممبران نے اس مسئلے کے حل کیلئے فوری طور پر عدالت سے رجوع کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔ جس کیلئے مشاورت کی جارہی ہے۔جبکہ والدین کی اکثریت نے معاملہ خوش اسلوبی سے حل نہ ہونے کی صورت میں بھرپوراحتجاج کی دھمکی دی ہے۔
قبل ازین اجلاس میں کمیٹی کے ممبران نے اساتذہ کے ساتھ ہرممکن تعاون کرنے اوران کے تحفظات اورخدشات کو دورکرنے کے ساتھ سکول انتظامیہ کی طرف سے انکے ساتھ بعد میں کوئی تادیبی کاروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کے بعد اساتذہ نے کمیٹی کی ہر بات ماننے اور تعاون کرنے کی یقین دہانی کی تھی۔
.
پرنسپل مس کیری سے ملاقات سے قبل کمیٹی کے ممبران نے ڈی سی چترال نوید احمد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اورانہیں والدین کے خدشات سے آگاہ کیا۔ اورکل سے سکول کھولنے کی استدعا کی۔ڈپٹی کمشنر نے شرکاء کو بتایا کہ ان کے تحفظات حکام بالا کے نوٹس میں لایا گیاہے۔ جبکہ سکول کے جونئیر سیکشن کل سے کھولا جائیگا اوراسی طرح کچھ دنوں میں دوسرے سیکشن بھی کھولے جائیں گے۔ ڈی سی نے مشورہ دیا کہ کمیٹی کے ممبران پرنسپل مس کیری سے ملاقات کریں اگرپرنسپل کل ہی سے سکول کھولنا چاہتی ہے تووہ انکی ہرقسم مدد اورتعاون کیلئے تیار ہے۔
.
مس کیری کی کمیٹی کے ممبران سے ملاقات نہ کرنے اورمسئلہ کے حل کیلئے مثبت جواب نہ دینے پر کمیٹی کے ممبران نے دوبارہ ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی مگروہاں پر بھی بات نہ بنی۔کمیٹی کے ممبران نے انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ بھی پرنسپل کی ہٹ دھرمی کے سامنے بے بس ہے لہذا والدین آئندہ کا لائحہ عمل خود طے کریں گے تاکہ بچوں کی مستقبل داوپر نہ لگے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں