218

اپر چترال کے دورافتادہ وادی یارخون میں واقع گاﺅں گازین کے مقام پر 306کلوواٹ ہائیڈروپاﺅر پراجیکٹ کا افتتاح

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان ہفتے کے روز اپر چترال کے دورافتادہ وادی یارخون میں واقع گاﺅں گازین کے مقام پر 306کلوواٹ ہائیڈروپاﺅر پراجیکٹ کا افتتاح کیا جسے آغا خان رورل سپورٹ پروگرام نے پاکستان غربت مکاﺅ فنڈ (پی پی اے ایف ) اور جرمن بنک کے ایف ڈبلیو کی مالی معاونت سے مکمل کیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹیو افیسر قاضی عظمت عیسیٰ اور کے ایف ڈبلیو کے کنٹری ڈائرکٹر وولف گینگ مولرز اور اے کے آرایس پی کے جنرل منیجر مظفر الدین کی معیت میں فیتہ کاٹ کر اور افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کرکے بجلی گھر کا باضابطہ افتتاح کردیا ۔ بجلی گھر سے پانچ دیہات کے 335گھرانے مستفید ہوں گے اور سوختنی لکڑی کی جگہ سستی بجلی کی فراہمی سے مقامی لوگوں کی زندگی پر خوشگوار اثر پڑے گا جس کا علاقے کے عمائیدین بریگیڈیر (ریٹائرڈ ) خوش محمد خان ، تنظیم کے صدر محمد وزیر خان اور مقامی خاتون حمیدہ بی بی نے ذکر کیا۔ اپنی خطاب میں وفاقی وزیر عمرا یوب خان نے کہاکہ ملک میں قابل تجدید توانائی کے بے پناہ وسائل سے بھر پور استفادہ کرکے بجلی کی کمی کو پورا کرنا وزیرا عظم عمران خان کے وژن کا حصہ ہے اور چندسالوں کے اندر 30ہزار میگاواٹ بجلی اس سے حاصل کی جائے گی تاکہ ایک طرف عوام کو سستی بجلی مل سکے تودوسری ماحول کو بھی نقصان نہ پہنچے۔ انہوںنے کمیونٹی کی اجتماعی کام کی اہمیت بتاتے ہوئے کہاکہ دیہی تنظیمات کے ذریعے وہ کام سرانجام پاتے ہیںجوکہ نمایان ہوکر تبدیلی کا احساس سب کو دلاتے ہیں اور یہ کام خود ان ہی کے ہاتھوں سے انجام پاتے ہیں ۔ا نہوںنے کہاکہ اے کے آرایس پی چترال اور گلگت بلتستان میں جس قابل قدر کام میں مصروف ہے، اس سے آنے والی نسلوں کی تقدیریں بدل رہے ہیں کیونکہ دیہی تنظیمیں وہ کام سرانجام دیتے ہیں جوکہ حکومت کے لئے ممکن نہیں ہے ۔ انہوںنے اپنے آبائی ضلع ہری پور میں دس سال پہلے ایک روڈ پراجیکٹ کا مثا ل دیتے ہوئے کہاکہ ضلعی حکومت کی تخمینہ لاگت 5کروڑ روپے کے مقابلے میںدیہی تنظیموں نے صرف 46لاکھ روپے میں یہ منصوبہ مکمل کیا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی وزیر اعظم عمران خان کی وژن اور مشن کا حصہ ہے اور نوجوانوں کو برابر کا حق ملے گا اور محنت کش اور غریب کے بچے بھی کسی بھی طور پر پیچھے نہیں رہ جائیں گے اور جو انڈہ ، مرغی ، گائے پالنے کا ذریعہ معاش اختیار کررہے ہیں، وہ لائق تحسین ہیں اور ان کا اجر ان کے رب کے پاس بھی ہے جوکہ حلال رزق اپنے بچوں کو کھلاتے ہیں اور اس کام میں خواتین کا کردار سب سے اہم ہے جوکہ گھرکی تقدیر ہی بدل دیتی ہیں۔ اس سے قبل کے ایف ڈبلیو کے کنٹری ڈائرکٹر وولف گینگ مولر نے کہاکہ یہ ہائیڈرو پاﺅر پراجیکٹ جرمن عوام کی طرف سے پاکستان کے اس خوب صورت خطے کے عوام کے لئے ایک تخفہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس پراجیکٹ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جرمنی کے ان اچھے لوگوں کو ضرور یاد کریں جوکہ اپنی آمدنی کا ایک حصہ ایسے کاموںپر خرچ کرتے ہیں۔اس موقع پروفاقی وزیر عمرا یوب خان نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنراپرچترال معظم خان سمیت کئی افرادتعریفی شیلڈسے نوازگیا۔ بریگیڈیر (ریٹائرڈ) نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ اے کے آرایس پی کے بورڈ ممبر رضیہ برہان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں