216

لطیف لالا کے بعد سینیٹر ستارہ آیاز کی پارٹی رکنیت بھی ختم

پشاور۔۔۔ عوامی نیشنل پارٹی نےسینئر وکیل اور بزرگ سیاستدان لطیف آفریدی کی رکنیت ختم کرنے کے بعد پارٹی کی خاتون رہنماء  سینیٹر ستارہ آیاز کی بنیادی رکنیت بھی ختم کر دی۔سابق صوبائی وزیر سینیٹر ستارہ آیاز پر پارٹی میں گروپ بندی، پارٹی منافی سرگرمیوں اور پارٹی پوزیشن کو اپنی ذاتی مفاد کیلئے استعمال کرنے کا الزام تھا۔

باچاخان مرکز سے جاری کردہ بیان کے مطابق ستارہ آیاز نے صوبائی صدر ایمل ولی خان کی طرف سے شوکاز نوٹس پر تسلی بخش جواب نہ دے سکیں۔

صوبائی صدر نے پارٹی آئین، نظم وضبط اور پارٹی کے عظیم تر مفاد میں سینیٹر ستارہ آیاز کی پارٹی رکنیت پارٹی آئین کے آرٹیکل 27 سیکشن 1 کے تحت ختم کر دی ہے جس کے بعد ان کا پارٹی سے کوئی تعلق باقی نہیں رہا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 2 ستمبر کو عوامی نیشنل پارٹی نے سینئر قانون دان لطیف آفریدی کی پارٹی رکنیت ختم کر دی تھی۔ اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر لطیف آفریدی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ لطیف آفریدی، عمران آفریدی اور ستارہ آیاز کو پارٹی مخالف سرگرمیوں پر گزشتہ ماہ پارٹی کے صوبائی صدر کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں