194

چترال شہر اور مضافات میں جمعہ کی صبح سے وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری جارہی

چترال ( محکم الدین) چترال شہر اور مضافات میں جمعہ کی صبح سے وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری جارہی ہے۔ جس سے سردی نے پورے چترال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ اور مزید بارشوں کے امکانات سے بے مو سمی سردی میں شدت آنے کے خدشات ہیں ۔ جبکہ قبل از وقت بارشوں اور برفباری سے مکئی اور دھان کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ دوسری طرف چترال بھر کے گرین گودام گندم سے خالی ہیں ۔ اور چترال کے 80 فیصد لوگوں کا انحصار درآمدی گندم اور حکومتی گرین گوداموں پرہے ۔ اپر چترال اور لوئر چترال کے لوگوں کو خدشہ ہے ۔ کہ اگر فوری طور پر گرین گوداموں میں گندم کا اسٹاک نہ کیا گیا ۔ تومزید بارش اور برفباری کے بعد ان علاقوں میں گندم پہنچانا مشکل ہو جائے گا ۔ اور قحط پڑنے کے خد شات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ درین اثنا حکومت کی طرف سے گھریلو گیس کی قیمیت میں اضافہ اور مقامی سوختنی لکڑی کی دن بدن اڑتی قیمت سے سردیوں میں اندھن کی ضروریات پوری کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے ۔ حکومت کی طرف سے لواری ٹنل اپروچ روڈ کی تعمیر بند کرنے سے مال بردار ٹرکوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جس کی وجہ سے اشیا خوردو نوش کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ اور عوام کی برداشت سے باہر ہو چکا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں