Site icon Daily Chitral

چترال میں جاگیردار ، سرمایہ دار اور لینڈ مافیا سرکاری زمینوں عوامی تفریح گاہوں اور پُرانی سڑکوں پر قابض تھے۔عیدالحسین

چترال ( محکم الدین محکم ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صدر عید الحسین ،اے این پی کے رہنما میر عباد الرحمن ،سابق صدر تجار یونین چترال حاجی محمد جلیل ، ریٹائرڈ صوبیدار محمد آیاز اور تاجر رہنما عبدالناصر نے چترال میں تجاوزات کے خلاف ڈپٹی کمشنر چترال اُسامہ احمد وڑائچ کی طرف سے اپریشن پر اُسے اور انتظامیہ کے دیگر آفیسران کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ اور اس امر کا اظہار کیا ہے ۔ کہ ڈپٹی کمشنر نے چترال کی تاریخ میں وہ کام کیا ہے ۔ جس پر آج تک کسی نے توجہ ہی نہیں دی ۔ جبکہ عوام تجاوزات کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار تھے ۔ گذشتہ روز مقامی ہو ٹل میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ کئی عرصے سے چترال میں جاگیردار ، سرمایہ دار اور لینڈ مافیا سرکاری زمینوں عوامی تفریح گاہوں اور پُرانی سڑکوں پر قابض تھے ۔ خصوصا بازار چترال تجاوزات کی بنا پر تنگ ہونے سے راہگیروں اور کاروباری لوگوں کو نقل و حمل میں شدید مشکلات درپیش تھیں ۔ اور حادثات روزانہ کا معمول بن گئے تھے ۔ جس میں کئی انسانی جانیں بھی ضائع ہوئیں ۔ لیکن کسی کو بھی اس کی طرف توجہ دے کر عوام کو سہولت فراہم کرنے کی تو فیق نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ کریڈٹ موجودہ ڈپٹی کمشنر کو جاتا ہے ۔ جس نے اس حوالے سے بلا کسی رو رعایت کے اقدام اُٹھایا ۔اور اپریشن کرکے عوام کو سہولت پہنچائی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ نہایت افسوس کا مقام ہے ۔ کہ ایک ممبر صوبائی اسمبلی ڈپٹی کمشنر چترال کے سامنے تو اُن کے اقدامات کی تعریف کرتا ہے ۔ لیکن پشاور جا کر اُس کو چترال سے تبدیل کرنے کی کو شش کر رہا ہے ۔ حالانکہ موجودہ ڈپٹی کمشنر نے مختصر عرصے میں چترال کے مفادات کے وہ کام سرانجام دیے ۔ جو پینسٹھ سالوں میں رو بہ عمل نہیں ہوئے تھے ۔ اس لئے ممبر صوبائی اسمبلی کی طرف سے ایک فرض شناس اور عوام دوست ضلعی آفیسر کی مدد کی بجائے اُس کے کام کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش دراصل چترال دشمنی کے مترادف ہے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر چترال کی توجہ اس امر کی طرف دلائی گئی ۔ کہ چترال کے ندی نالوں خصو صا چترال گول نالے کے اندر ارر گرد کے لوگوں نے تجاوزات کرکے نالے کو انتہائی تنگ کیا ہے ۔ جس کی وجہ سے گذشتہ سالوں کے دوران سیلاب سے کافی جانی اور مالی نقصانات ہوئے ۔ لیکن اب بھی بعض مقامات پر تجاوزات اپنی جگہ پر موجود ہیں ۔ جن کے ہٹانے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ لینڈ مافیا نے چترال کے کئی تاریخی پولو گراؤنڈ ز پر قبضہ جما رکھا ہے ۔ جو کہ چترال کے تمام عوام کیلئے اثاثے کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ اس لئے اُن پولو گراؤنڈز کو بھی قابضین سے چھڑایا جائے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر چترال کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز چترال عبد الاکرم اورسیدمظہر علی شاہ کی طرف سے دن رات تجاوزات ہٹانے کے عمل کو سراہا گیا ۔ اور اُن کے خدمات کی تعریف کی گئی ۔

Exit mobile version