273

اسٹریٹیجی کی تیاری کے بعد کہیں بھی ترقیاتی کاموں میں ڈوپلیکیشن ہونے کا خطرہ نہیں رہے گا اور سرکاری محکمہ جات میں ایک ربط قائم ہوگا،مغفرت شاہ

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) ضلع ناظم چترال نے کہا ہے کہ چترال میں آئندہ ترقیاتی کام ایک ترتیب اور ضابطے کے مطابق ہی ہوں گے اور ماضی کی غلطیوں کو سامنے رکھتے ہوئے ایک حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے کہ جس میں تمام سرکاری محکمہ جات میں ایک ربط قائم کیا جارہا ہے اور ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پلان کی تشکیل وترتیب بھی اس کا ایک حصہ ہے جس میں سرکاری محکمہ جات کے ساتھ تمام منتخب ممبران ضلع کونسل اور کمیونٹی3333 بیسڈ تنظیموں کو شامل کئے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پلان کی تیاری کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے پلاننگ اینڈ فنانس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے منعقدہ یک روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس نشست کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ترجیحات کا تعین کرنا اور ان ترجیحات کی مزید چھان بین کے مرحلے کے بعد حتمی شکل دے کر آئندہ کے لئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس اسٹریٹیجی کی تیاری کے بعد کہیں بھی ترقیاتی کاموں میں ڈوپلیکیشن ہونے کا خطرہ نہیں رہے گا اور سرکاری محکمہ جات میں ایک ربط قائم ہوگا۔ انہوں نے ورکشاپ میں چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل نظام الدین شاہ کی شرکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ چترال کی ترقی میں فوج اور چترال سکاوٹس کا اہم رول رہا ہے اور چترال سکاوٹس کے موجودہ کمانڈنٹ اس سلسلے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں جس کا سول سوسائٹی معترف ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل نظام الدین شاہ نے سرکاری محکمہ جات میں رابطہ کاری پیدا کرنے پر ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد کو بروقت اور مفید قرار دیتے ہوئے کہاکہ تمام بنیادی معلومات جب تک دستاویزی شکل میں موجود نہ ہوں، ترقی کیلئے موثر پلاننگ ممکن نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ چترال کا ہر ایک شخص ترقی کے حوالے سے ایک وژن رکھتا ہے جوکہ خوش آئند بات ہے۔ شرکاء سے تجاویز لینے کے لئے ضلعے کے چوبیس یونین کونسلوں کو چھ گروپوں میں اور تمام سرکاری محکمہ جات اور این جی اوز کو ایک الگ گروپ کی شکل دے کر تجاویز لے لیں گئیں۔ ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ بھی ایک نشست میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر چترال کے معروف دانشور اور آئی یو سی این کے سابق پراجیکٹ منیجر ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی ، ڈسٹرکٹ پلاننگ افیسر ضیاء اللہ اور ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکور نے بھی خطا ب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں