195

عوامی مسائل ان کے دہلیزپر حل کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کی جائے گی،ڈی سی چترال نوید احمدکی ریڈیو کچہری میں گفتگو

چترال /عوامی مسائل کے حل میں  ضلعی انتظامیہ کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی اور مسائل ان کے دہلیزپر حل کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر (لوئر)چترال نوید احمد نے ریڈیو پاکستان چترال کے زیر انتظام ریڈیو کچہری میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل جب تک متعلقہ اداروں کے سربراہان کے علم میں نہ ہوں تب تک ان کے حل میں رکاوٹیں درپیش ہوں گی۔ اکثر اوقات عوام کے پاس ایسا کوئی فورم نہیں ہوتا جہاں وہ ان اداروں کے سربراہوں کے ساتھ اپنے مسائل شیئر کر سکیں۔اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریڈیو پاکستان چترال نے جو ریڈیو کچہری کا انعقاد کیا قابل ستائش ہے جس پر میں ریڈیو انتظامیہ کو تہہ دل سے خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ ریڈیو کچہری میں ڈپٹی کمشنرچترال کے ساتھ تمام محکموں کے سربراہان اور غیر سرکاری تنظیموں کے سربراہان بھی شریک تھے۔ اس موقع پر سامعین نے فون کالز اور ایس ایم ایس کے ذریعے مسائل کے انبار لگادیے۔متعلقہ اداروں کے سربراہان نے عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات اُٹھانے کا عہد کیا۔ ڈی سی چترال کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالولی خان، اے ڈی سی فنانس حیات شاہ، ڈی ای او فیمل بی بی حلیمہ، ایس ڈی ایف او ائریگیشن علی احمد، ایکس ای این پبلک ہیلتھ محمد یعقوب، ٹی ایم او امین الرحمان،ایس ڈی ایف او محکمہ جنگلات یوسف فرہاد، ایگریکلچر آفیسر رفیق احمد، ڈی ایم او ہیلتھ چترال غلام اللہ، ایس ڈی ایف او جنگلی حیات فارق نبی، آرپی ایم آکاہ امیر محمد، پی ای ایکٹیڈ چترال آفتا ب احمد، ڈائریکٹر لایو اسٹاک ڈاکٹر گل زرین، ہیڈ پی ڈی سی ڈاکٹر ریاض حسین،ریجنل پروگرام منیجر آغاخان ہیلتھ سروس چترال  معراج الدین، آرپی ایم ایس آرایس پی طارق احمداور دوسرے موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں