207

اٹلی کے تعاون سے پاکستان میں غربت کے خاتمہ کیلئے تین ہفتے طویل تربیتی سیشنز اختتام پذیر

اسلام آباد،(نامہ نگار) اطالوی حکومت کی جانب سے حکومت پاکستان کو پاورٹی ریڈکشن پروگرام (پی پی آر) کے لئے 40 ملین یورو کا نرم قرضہ فراہم کردیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے سلسلے میں پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) اطالوی ترقیاتی تعاون کے ادارے اور اٹلی کے لیوس بزنس اسکول کے اشتراک سے نوجوانوں میں تعلیم، صحت اور غذائیت، آئی ٹی سے متعلق بنیادی آگہی بڑھانے اور سیکھنے کے نئے مواقع کی فراہمی سے متعلق پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز (پی سی آر ڈبلیو آر) میں تین ہفتے طویل تربیتی سیشنز اختتام پذیر ہوگئے۔ اس موقع پر اطالوی سفارتخانے کی جانب سے بھی تعاون فراہم کیا گیا۔
ان تربیتی سیشنز کے دوران یوتھ پالیسیز، صحت، غذائیت، معلومات اور کمیونکیشن ٹیکنالوجی سے متعلق تعلیمی پروگرام پر کام کے لئے عمل درآمد پر توجہ دی گئی جس کے لئے اطالوی اور یورپی جدت انگیز طریقے فراہم کئے جارہے ہیں۔ توقع ہے کہ اس تربیتی سیشنز سے شراکتی تنظیموں کے اسٹاف کی مہارت اور سوچ میں بہتری آئے گی، یونین کونسل میں جامع طریقہ کار اختیار کیا جائے گا، پاورٹی ریڈکشن پروگرام پر عمل پیرا پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ کی جانب سے اہم تبدیلیاں لائی جائیں گی اور مجموعی طور پر پروگرام کی افادیت اور اسکی پائیداری میں اضافہ لایا جائے گا۔
تربیتی سیشنز کی اختتامی تقریب کی سربراہی پاکستان میں اطالوی ترقیاتی ادارہ کی ڈائریکٹر ایمانیولا بینی نے کی جن کے ہمراہ پی پی اے ایف کے سی ای او قاضی عظمت عیسیٰ بھی موجود تھے۔
اطالوی ترقیاتی ادارہ کی ڈائریکٹر ایمانیولا بینی نے پاکستانی اور اطالوی ٹیم ورک کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا، “ان تین ہفتوں کے سیشنز کے دوران اٹلی کے لیوس بزنس اسکول کے انسٹرکٹرز نے شرکاء کے سامنے دور دراز علاقوں میں جدت، پائیداری اور بہترین انداز سے عمل درآمد کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے تاکہ شرکاء اپنے علاقوں میں ترقیاتی کے کاموں کو خود آگے بڑھائیں۔ اس سلسلے میں مختلف سرگرمیاں بھی سرانجام دی گئیں۔ اس پروگرام کے اگلے مرحلے میں تمام شرکاء باہمی طور پر منظم ہوں گے اور اپنے علاقوں کو واپس لوٹ کر بحیثیت مجموعی اور انفرادی طور پر ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھائیں گے۔ یہ شرکاء ترقی کے لئے پیغام پھیلانے والے اولین سماجی کارکن ہیں اور جب میں فیلڈ پر سفر کررہی ہوں تو پھر بھی وہ اسلام آباد میں میرے نئے آفس میں اپنا پیغام پہنچا سکتے ہیں۔ ”
پی پی اے ایف کے سی ای او قاضی عظمت عیسیٰ نے تربیتی سیشنز کے بارے میں کہا، “میں اطالوی حکومت، اطالوی ترقیاتی ادارہ اور اٹلی کے لیوس بزنس اسکول کی جانب سے ان تربیتی سیشنز کے انعقاد میں بہترین انداز سے تعاون فراہم کرنے پر مشکور ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ ایسی ٹریننگز سے پسماندہ علاقوں کے لوگوں کی زندگیوں میں بڑی تبدیلی آسکتی ہے اور انہیں کارآمد تجربہ حاصل کرنے میں مدد حاصل ہوگی۔ ہم روشن مستقبل کے لئے اس طرح کی مزید شراکت داریاں کریں گے۔”
غریبوں کو وسائل فراہم کرنے والے صف اول کے ادارے کے طور پر پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ ملک میں تخفیف غربت کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے جذبے سے کام کرکے غربت سے متعلق کثیر الجہتی مسائل کی نشاندہی کے ساتھ سماجی و معاشی تبدیلی لانے کے لئے کوشاں ہے۔ پی پی اے ایف پاکستان بھر میں رسائی رکھنے کے ساتھ ملک بھر کے 137اضلاع میں موجود ہے جبکہ اسکی 130 تنظیموں کے ساتھ ایک لاکھ سے زائد گاؤں /آبادکاریوں کی شراکت داری ہے جبکہ ان کے ہمراہ ایک لاکھ 33ہزار سے زائد کمیونٹی ادارے اور نچلی سطح پر چار لاکھ 40 ہزار کریڈٹ/کامن انٹرسٹ گروپس ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں