320

گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوائیں ، نادرا نے شاندار سہولت متعارف کروا دی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ’’موبائل مین پیک سروس‘‘ کی نئی سہولت متعارف کرا دی ہے جس کی بدولت اب معذور اور بیمار افراد گھر بیٹھے اپنا شناختی کارڈ بنوا سکیں گے۔ ترجمان نادرا کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی عوام کو بہتر اور مزید سہولیات فراہم کرنے کے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے چیئرمین نادرا عثمان مبین نے موبائل مین پیک سروس کا آغاز کر دیا۔ترجمان نادرا کے مطابق شدید بیمار،نابینا، ذہنی مریض، انتہائی عمر رسیدہ اور معذور افراد شناختی کارڈ بنوانے کیلئے نادرا کو درخواست دیں گے تو ’’مین پیک‘‘ ان کے گھر پر بھجوا دیا جائے گا جو درخواست کی تمام تر کارروائی مکمل کرے گا جس کے بعد ان کا شناختی کارڈ مقررہ مدت کے اندر ان کے گھر کے پتہ پر ارسال کر دیا جائے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ معذوری اور شدید بیماری یا مستقل صاحبِ فراش کا شکار کئی افراد محض اس بنائ پر شناختی کارڈ جیسی سہولت سے محروم رہ جاتے ہیں کہ نادرا کے قریبی دفتر تک پہنچنا ان کیلئے ممکن نہیں ہوتا۔ گھر والوں یا رشتہ داروں کی مدد سے نادرا سنٹر آنے والے افراد کو بھی ضروری کارروائی کے تمام مراحل سے گزرنے میں کئی مشکلات پیش آتی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ چیئرمین نادرا کی جانب سے خصوصی افراد کیلئے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی گئی تھی جسے عملی جامہ پہناتے ہوئے نادرا نے اب یہ جدت آمیزسہولت متعارف کرا دی ہے جس کی بدولت نہ صرف معذوری، شدید بیماری یا صاحبِ فراش افراد گھر بیٹھے اپنا شناختی کارڈ بنوا سکیں گے بلکہ ان کے گھر والوں اور رشتہ داروں کو بھی اس سلسلے میں پیش آنے والی دشواری سے نجات مل جائے گی۔ اس سروس سے مستفید ہونے کیلئے ایسے افراد نادرا کے تمام ریجنل، زونل یا مقامی دفاتر میں درخواست دے سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں