217

یوفون خیبرپختونخوا فٹبال کپ کا سیمی فائنل چترال کی صوابی کے خلاف شاندار کامیابی

یوفون خیبرپختونخوا فٹبال کپ کا سیمی فائنل ڈی ایف اے چترال ایف سی اور ڈی ایف اے صوابی ایف سی کے مابین پیر 16 دسمبر کو پشاور کے طہماس خان فٹبال اسٹڈیم میں کھیلا گیا۔
چترال اور صوابی کا یہ سیمی فائنل مقابلہ پی ٹی وی پر لاکھوں افراد نے دیکھا اور محظوظ ہوئے۔ یو فون کے اس ٹورنامنٹ میں چترال کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے فٹبال کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ خصوصا  پاکستان ٹیم کے معرو ف کھلاڑی محمد رسول چترال ٹیم میں کھیل رہے ہیں۔ صوابی اور چترال کی ٹیموں کے مابین مقابلہ انتہائی سنسنی خیز رہا۔ اور مقررہ وقت تک کوئی بھی ٹیم گول نہیں کر سکی۔ بالاخر پنلٹی ککس میں چترال نے صوابی کو چار کے مقابلے میں پانچ گولوں سے شکست دی اور میچ اپنے نام کر لی۔ چترال کے سینکڑوں تماشائی طماس سٹیڈیم میں اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کیلئے موجود تھے۔ درین اثنا چترال کے تمام لوگوں نے چترال ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اور ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے ٹیم کی شاندار کارکردگی پر انٹر نیشنل چترالی کھلاڑی اور کپتان سید غازی اور محمد رسول کے کردار کو سراہا ہے۔ اور کہا ہے۔ کہ چترال کے فٹبال کے نوجوان ٹیم کو مستقبل میں ایک کامیاب ٹیم بنانے میں اپنی صلاحیتیں مزید بروئے کار لائیں گے۔ تماشائیوں نے کہا۔ کہ چترال ٹیم کو مزید پریکٹس کی ضرورت ہے۔ کیونکہ میچ کے دوران دیکھا گیا۔ کہ کئی یقینی گول کھلاڑیوں کی آپس میں کو آرڈنیشن نہ ہونے اور بلا جواز کک کی وجہ سے ضائع ہوئے۔ حالانکہ صوابی ٹیم پر چترال کا مسلسل دباؤ رہا۔ چترال کے لوگوں نے اس توقع کا اظہار کیا ہے۔ کہ چترال کی ٹیم پشاور کے ساتھ مقابلے میں بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔ چترال کے تمام لوگوں کی دعائیں اپنی ٹیم کے ساتھ ہیں۔
پہلاسیمی فائنل ڈی ایف اے گرین ایف سی کوہاٹ اور پشاور کمبائنڈ ایف کے درمیان کھیلا جس میں پشاور کمائنڈ ایف نے ڈی ایف اے گرین کوہاٹ کو ایک صفر سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
اس ٹورنامنٹ کا فائنل 17 دسمبر کو شام پانچ بجے فلڈ لائٹس کی روشنی میں ڈی ایف اے چترال ایف سی اور پشاور کمائنڈ کے مابین کھیلا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں