285

5دن کے اندر اوسیک ارسی سی پل پرکام شروع کیا جائے۔ورنہ بھرپور احتجاج کیا جائے گا..آل پارٹیز تحصیل دروش

چترال/آل پارٹیز تحصیل دروش کے نمائندوں اور عمائدین علاقہ کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت حاجی شاد محمود خان دروش میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اوسیک ارسی سی پل جوکہ علاقے کا درینہ مسئلہ ہے جوکہ ساتویں بار ٹینڈر ہونے کے باوجود اس پہ کام کا آغازتاحال ممکن نہیں ہوسکا پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ مذکورہ پل کی وجہ سے علاقہ بہت سے مسائل سے دوچار ہے۔سکول،کالج،ہسپتال،تھانہ اور تحصیل حتیٰ کہ تمام سرکاری اور غیرسرکاری عمارتیں دروش بازار ایریا میں واقع ہیں جن تک رسائل کا ایک واحد راستہ ہے،ایک لکڑی کا پل جوکہ نہایت خستہ حالت میں ہے کسی بھی وقت حادثے یا ناخوشگوار واقعے کا سبب بن سکتا ہے۔شرکاء اجلاس نے اس کو دروش کا سب سے بڑا مسئلہ قراردیتے ہوئے ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا کہ 5دن کے اندر اس پل پرکام شروع کیا جائے۔ورنہ بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔چونکہ پراجیکٹ کا ٹنڈر ہوکر ٹھیکہ دار کو ایوارڈ اور ورک آڈربھی مل چکا ہے اوروزیراعلیٰ محمود خان نے اس کا افتتاح بھی کیا اور ورک آڈر کے ملنے کے کافی وقت گزرنے کے باوجود اس پر کام شروع نہیں کیا گیا۔شرکاء اجلاس نے کہا کہ اب محکمہ کی زمہ داری ہے کہ کام کا فوری آغاز کریں بصورت دیگر تمام تلخ حالات کی زمہ داری محکمہ سی اینڈ ڈبلیو پر عائد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں