273

گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کو ایک ایک پودا لگانے کا پابند بنایا جائے گا ،وزیراعلیٰ

گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کو ایک ایک پودا لگانے کا پابند بنایا جائے گا ہر بشر دو شجر کے نعرے کو عملی جامع پہناتے ہوئے شجر کاری مہم میں تمام سرکاری ملازمین اور طلباء و طالبات کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ علاقے میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کو جنگلات کی وجہ سے قابو پانے میں مدد مل سکے.

قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی میں شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گر ین پاکستان بلین ٹری منصوبے میں سونامی کا نام شامل کئے جانے پر سخت تنقید کر تے ہوئے وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ سابق وفاقی حکومت کا گرین پاکستان منصوبے کو بلین ٹری سونامی کا نام دیا گیا ہے بلین ٹری منصوبہ خو ش آئند ہے مگر سونامی کے نام کو نہیں چلایا جائے گا کیوں کہ نااہلی ، بیڈ گورننس، مہنگائی کی جو سونامی ملک میں ہم بھگت رہے ہیں اس سے گلگت بلتستان کو بچانا ہے۔ اس نام میں درختوں کی اہمیت اور افادیت واضح طور پر بیان کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے آنے والی نسلوں کو ایک ماحولیاتی آلودگی سے صاف گلگت بلتستان دینا ہے۔

صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کو اس بات کا پابند بنایا جائے گا کہ ہر سرکاری ملازم چار درخت لگائے۔ سکولوں کے دو لاکھ طالب علموں کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائے گا۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی شجرکاری مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع متعارف کرانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی ہے کہ درختوں کی دیکھ بال اور مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ تقریب کے دوران محکمہ جنگلات کے ایڈیشنل سیکریٹری صفدر خان و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں