329

نیشنل ایف ایس پی میگزین ۔۔۔ایک اچھی کاوش۔۔۔ نغمہ حبیب

سابقہ پرنسپل اے پی ایس اینڈ سی (بوائز) ورسک روڈ پشاور
غالباََنومبر یا دسمبر میں بحیثیت پرنسپل آرمی پبلک سکول اینڈ کالج ورسک روڈ پشاور ایک ٹیلیفوں کال موصول ہوئی کہ ہمیں اپنے میگزین کے لیے سکول کے شہداءکی تصاویردرکار ہیں چونکہ سکول بغیر اجازت کے یہ تصویریں فراہم نہیں کر سکتا تھا لہٰذا یہی مشورہ دیا کہ تصاویر انٹرنیٹ پر سے لی جاسکتی ہیں ۔چونکہ عام دنوں میں بالعموم اور ان دو مہینوں میں بالخصوص اس طرح کی بے شمار کالز موصول ہوتی ہیں اس لئے معمول کی ایک درخواست سمجھ کر اپنے کام میں مصروف ہوگئی۔ لیکن دو ماہ بعد یہ میگزین ملا تو نہ صرف شہدا کی تصاویر دیکھ کر اچھا لگا کہ ہم اپنے ان ہیروز کو نہیں بھولے ا ور نہ بھول سکتے ہیں بلکہ یہ دیکھ کر بھی خوشی ہوئی کہ ایف ایس پی ایک ایسا منفرد میگزین ہے جوبچوں کی کاوشوں اور ماہرین تعلیم کی آرا ءدونوں سے مزّین ہے۔
آج کل طلبہ کے لیے کئی آن لائن مقابلے منعقد ہوتے ہیں جن میں مضمو ن نویسی اورذہنی آزمائشوں سے لے کر تخلیقی لکھائی تک سب شامل ہیں لیکن اس میگزین کی منفرد بات یہ ہے کہ اس میں مقابلے کے ساتھ ساتھ بچوں کی تحار یر،سرگرمیوں اور آرٹ کو کاغذ پر منتقل کیا جاتا ہے اور خوبصورتی سے کیا جاتا ہے اور یوں مختلف سسٹمز اور سکولز کے بچوں کا کام سکول کے حوالے سے ایک ہی رسالے میں یکجانظر آتا ہے اورایک ان دیکھے رابطے کا اچھا ذریعہ بنتا ہے ۔ ساتھ ہی مختلف سکولوں کے پرنسپلزکی موجودگی بھی اسے بیک وقت سب کے لیے اہم بناتی ہے ۔ ایک کمی یہاں ضرور محسوس ہوئی اور وہ یہ تھی کہ سرکاری سکولز کے بچے اور نمائندے نظر نہ آئے اگر دائرہ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے انہیں بھی شامل کیا جائے تو ان کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی کیونکہ بچہ اپنا لکھا ہو اور چھپا گیا دیکھ کر جو خوشی محسوس کرتا ہے اس کا اندازہ ہم اساتذہ اور والدین بخوبی کر سکتے ہیں۔قومی ایف ایس پی میگزین ایک اچھی کو شش بلکہ سینتیس سالوں کی روایت ہے اور اس روایت کو ہر صورت جاری رہنا چاہیے اور دعا ہے کہ یہ جاری رہے، آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں