282

احساس پروگرام رقم کی ادائیگی؛لاسپورپولیس نے غیر قانونی کمیشن وصول کرنے کے الزام پر تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا

لاسپور(چ،پ)احساس پروگرام کے پیسوں کی ادائیگی کے دوران لوگوں سے مبینہ طور پر غیر قانونی کمیشن کاٹنے پر مقامی پولیس نے تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات مطابق تھانہ لاسپور کے حدود گشٹ اور لاسپور ایریا میں پرائم منسٹر احساس پروگرام کے تحت بارہ ہزار روپے تقسیم ہو رہے تھے جس میں کسی قسم کی کٹوتی نہ کرنے کا حکم ہے تاہم پولیس کو اطلاع ملی کہ بعض ایجنٹ مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر لوگوں سے پیسے کاٹ رہے ہیں جس پر تھانہ لاسپور کے ایس ایچ او نے کاروائی کرتے ہوئے تین افراد کے خلاف مقدمہ علت نمبر 16 زیر دفعہ 417,420اور 109کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تاہم معلوم ہوا ہے کہ تینوں افراد نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی ہے۔ جن افراد کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے انمیں عبداللہ مستوج، مبارک شاہ گشٹ رمان اور منظوراللہ بیگ ہرچین شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد احساس پروگرام کے تحت سرکاری امداد ی رقم وصول کرنے والے افراد سے تین سے چار سو روپے غیر قانونی طور پر وصول کر رہے تھے۔مقامی لوگوں نے تھانہ لاسپور کی کاروائی کو سراہتے ہوئے ڈی پی او اپر چترال اور ڈی سی اپر چترال سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے غیر قانونی معاملات کے مرتکب افراد کے خلاف مزید سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں