238

ریسکیو 1122چترال ہمہ وقت چترال کے عوام کی فری خدمت کیلئے حاضر ہے /ظفرالدین

چترال ( نمائندہ ) ایمر جنسی آفیسر و ڈسٹرکٹ انچارج ریسکیو 1122چترال ظفرالدین نے کہا ہے۔ کہ ریسکیو 1122چترال ہمہ وقت چترال کے عوام کی فری خدمت کیلئے حاضر ہے۔ اور ہمارے جوان چوبیس گھنٹے ایمرجنسی خدمات کیلئے مستعد ہیں۔ تاہم یہ لوگوں کیلئے ضروری ہے۔ کہ کسی بھی ہنگامی حالات، حادثات کی صورت میں فوری طور پر ادارے کو آگاہ کریں۔ تاکہ فوری طور پر اقدامات اُٹھاکر بروقت حالات پر قابو پایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تعارفی نشست کے دوران چترال پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اُن کے ہمراہ سہیل احمد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے چترال ایمر جنسی حالات سے دوچار ہے اور ریسکیو 1122کے ایمبولینس اور جوان مشتبہ مریضوں کی منتقلی میں شب و روز مصروف ہیں جن کو اس ہنگامی حالات میں استعمال کیلئے مخصوص لباس فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ چترال کے لوگوں کیلئے انتہائی خوشی کا مقام ہے کہ اب چترال میں تمام مقامی سٹاف موجود ہیں۔ جس کی وجہ سے کسی بھی مقام پر حادثے کی صورت میں لوکیشن سمجھنے میں مشکلات پیش نہیں آرہیں۔ جبکہ یہاں غیر مقامی سٹاف علاقے کے لوکیشن سے ناواقف تھے۔ جس کی وجہ سے ہنگامی حالات میں بعض اوقات مقام تک پہنچنے میں بہت مشکل پیش آتی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ریسکیو ایمبولینس کو کسی شدید بیماری میں مبتلا مریض اور کسی زخمی کو ہسپتال پہنچانے کیلئے کال کرکے بلایا جا سکتا ہے۔ جسے اس کام کے عوض کوئی بھی معاوضہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے اعلی و ادنی ایک ہی حیثیت رکھتے ہیں۔ کیونکہ ہمارا کام انسانی جان و املاک کو بچانا ہے۔ اور ادارہ کسی بھی قسم کی سفارش اور رشوت سے پاک ہے۔ جس پر ہ میں فخر ہے۔ ظفرالدین نے کہا کہ چترال کی علاقائی ساخت او ر قدیم طرز کے بغیر منصوبہ بندی کے ٹاون پلاننگ کے باعث بعض اوقات آگ لگنے یا کسی اور حادثے کی صورت میں تنگ سڑکوں کے باعث فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کو مقام تک پہنچنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ اس قسم کے تنگ سڑکوں کیلئے چھوٹے سائز کے ٹینکر وغیرہ کا انتظام کیا جائے اور یہ کام آزمائشی طور پر ہو رہا ہے۔ امید ہے بہت جلد یہ سہولت بھی چترال کو فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ہر قسم کے سامان دستیاب ہیں اور طبی ٹیم موجود ہیں اس لئے کسی بھی ایمرجنسی بیماری کی صورت میں ہمارے میڈیکل سٹاف فوری طبی امداد فراہم کرتے ہیں۔ اس لئے لوگوں کو چاہیے کہ مفت ایمبولینس اور مفت ہنگامی طبی امداد سے فائدہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ دروش میں بھی ہمارا سب یونٹ کام کر رہا ہے اور لوگ اس سے فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر صحافیوں نے ریسکیو 1122کی خدامات کی تعریف کی اور کہا کہ اس دارے نے اپنی فعالیت اور عوامی خدمات کی بنا پر مختصر عرصے میں عوام کے دلوں میں گھر کر لیا ہے اور چترال کے لو گ اسے ایک قابل اعتماد ادارہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت اور ریسکیو ادارے کا چولی دامن کا ساتھ ہے کیونکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں پہلا کام انفارمیشن اور صحیح انفارمیشن کا ہوتا ہے جو دونوں کا اہم ترین کام ہے۔ انہوں نے ریسکیو 1122کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں