346

چترال میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 16ہوگئی جب پیر کے روز ایک خاتون سمیت چار افراد کے مثبت ریزلٹ پشاور سے موصول ہوئے

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) چترال میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 16ہوگئی جب پیر کے روز ایک خاتون سمیت چار افراد کے مثبت ریزلٹ پشاور سے موصول ہوئے ۔ ذراءع کے مطابق لویر چترال میں گہتک دنین کے دو رہائشی مسلم شاہ (64) اور عبدالفیاض (28) پنجاب کے خوشاب سے گزشتہ روز یہاں پہنچ گئے تھے جنہیں کامرس کالج کے ہاسٹل میں رکھا گیا تھاجبکہ دمیل سے تعلق رکھنے والی ہجرت بیگم (38)پشاور سے یہاں آنے پر دروش میں قرنطینہ سنٹر میں رہائش پذیر تھی ۔ ادھر اپر چترال میں چرون سے تعلق رکھنے والے 22سالہ جوان ثناء اللہ ولد صادق اللہ بھی پشاور سے آنے پر گورنمنٹ کالج بونی کے قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا تھا ۔ تمام مریضوں کو ان کے قریب ترین ہسپتالوں میں واقع آئسولیشن سنٹروں میں منتقل کردئیے گئے ۔ اب تک اپر چترال میں کرونا کے 4اور لویر چترال کرونا کے 12کیسز سامنے آگئے ہیں لیکن ہلاکت کی تعداد صفر ہے ۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر لویر چترال نوید احمد نے بتایاہے کہ اب تک لویر چترال ضلعے کے قرنطینہ سنٹروں سے 1000کی تعداد میں افراد کو 14دن تک ٹھہرانے کے بعد فارع کردئیے گئے ہیں ۔ ان کاکہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے میں دن رات مصروف ہے اور یہ بات ایک حقیقت ہے کہ ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے مسافروں کو قرنطینہ سے نہ ٹھہرائے جاتے تو بڑی تعداد میں آبادی کا وائرس زدہ ہونے کا خدشہ تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں