415

اپر چترال کے بالائی علاقہ میں بارش کے باعث کشمانجا کے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے سے بروغل روڈ مکمل طور پر بند

چترال (محکم الدین) اپر چترال کے بالائی علاقہ میں بارش کے باعث کشمانجاکے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے سے بروغل روڈ مکمل طور پر بند ہو چکا ہے۔ جس سے مقامی علاقوں خصوصاً بروغل ویلی سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق بروغل کے لوگوں کو ان دنوں خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اور لوگوں میں انتہائی تشویش پائی جاتی ہے۔ جس پر محکمہ فوڈ چترال نے گندم علاقے کی طرف روانہ کروادیا ہے۔ تاہم روڈ بندش کے باعث گندم لے جانے والی گاڑیاں راستے میں پھنس گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اپر چترال انتظامیہ اور سی اینڈ ڈبلیو کی طرف سے روڈ صاف کرکے ٹریفک بحال کرنے کے حوالے سے تا حال کوئی قدم نہیں اُٹھایا گیا ہے۔ ادھر بروغل کے عوامی حلقوں نے اپر چترال انتظامیہ سے پُر زور مطالبہ کیا ہے۔ کہ فوری طور پر روڈ کھولنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ تاکہ بروقت گندم کی ترسیل ممکن ہو سکے۔ اور بروغل میں خوراک کی قلت پر قابو پایا جاسکے۔ درین اثنا یہ اطلاع بھی ملی ہے۔ کہ لاسپور وادی میں برفانی تودہ گرنے سے بھی روڈ بند ہو چکا ہے۔ اور لوگوں کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں