341

آل پارٹیز کانفرنس ضلع اپر چترال نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے اقدامات پر عدم اطمینا ن کا اظہار

چترال (نمائندہ ) آل پارٹیز کانفرنس ضلع اپر چترال نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے اقدامات پر عدم اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے اس مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا تو ڈاون ڈسٹرکٹ سے یہاں کرونا وائرس کا پھیلنا اور یہاں وبا پھوٹ پڑنا یقینی ہے۔ چترال سے صوبائی اسمبلی کے رکن مولانا ہدایت الرحمن کی صدارت میں مختلف سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی تنظیموں کے رہنماؤں مولانا فتح الباری (جے یو آئی)، مولانا جاویدحسین (جماعت اسلامی)، حمید جلال (پی پی پی)، پرویزلال (پی پی پی) پرنس سلطان الملک (مسلم لیگ ن)، تحریک حقوق اپر چترال کے صدر رحمت سلام لال، سابق تحصیل امیر مولانا محمد یوسف، تجار یونین کے زاکر زخمی نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے کہاکہ پشاور اور دوسرے متاثرہ علاقوں سے آنے والے مسافروں کو بونی کے مقام پر قرنطینہ سنٹروں میں چودہ دن ٹھہرانے کی بجائے ان کا نام رجسٹر میں درج کرنے کے بعد چھوڑ دئیے جاتے ہیں جوکہ اپنے گاؤں جاکر آزادی سے گھوم پھر کر اس وائرس کو پھیلانے کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں تریچ اور چرون کے گاؤں میں پشاور سے آئے ہوئے دو افراد کا بونی کے قرنطینہ میں اندراج کے باوجود میں اپنے اپنے گاؤں میں ہونا اور گاؤں والوں کی شکایت پر ان کی ٹیسٹ کے بعد نتیجہ مثبت آنا اس غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ قرنطینہ کے اندر بھی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ سوشل ڈسٹنسنگ کا خیال بھی نہیں رکھا جاتا اور عملاً یہاں قیام پذیر افراد اس وائرس کے ذیادہ شکار ہوسکتے ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے حکومت پر زور دیا کہ اپر چترال کی ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کاسخت نوٹس لیا جائے اور ویلج کونسل سطح پر قرنطینہ سنٹر قائم کئے جائیں جہاں انہیں ہر قسم کی سہولیات فراہم ہوں گے۔ اس موقع پر ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ ہمیں اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایسے تجاویز کے ساتھ آگے آنا چاہئے کہ ضلعی انتظامیہ کو لے کر اس مسئلے کو حل کرسکیں جس میں سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی تنظیموں کی بنیادی اہمیت ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں