363

آوی کے مقام پر تعمیر ہونے والا بجلی گھر کئی سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہوسکا،اعلی حکام اور ضلعی انتظامیہ نوٹس لیں

اپر چترال(نامہ نگار)اپر چترال کے ہیڈ کوارٹر بونی کے نواحی گاؤں آوی میں صوبائی حکومت کے پیڈو پراجیکٹ کے تحت آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے ذریعے تعمیر ہونے والا بجلی ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا جس پر مقامی حلقوں نے افسوس اور حیرت کا اظہار کیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگست 2017میں اس منصوبہ شروع کیا گیا تھا جو کہ ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا ہے۔عوامی حلقوں نے میڈیا کے ذریعے اعلیٰ حکام اور AKRSPکے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس پراجیکٹ کے حوالے سے انکوائری کی جائے کہ قومی خزانے سے کثیر سرمایہ خرچ ہونے کے باوجود یہ منصوبہ ابتک ناکامی کا شکار کیوں ہے۔ اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرگرم سماجی کارکن افگن رضا اورجاوید احمد نے کہا جون 2017 میں AKRSPکے اہلکاروں نے آوی کے معتبرات کیساتھ ایک میٹنگ منعقد کیا تھا اور اسوقت انہوں نے سینہ تان کر کہا کہ چند مہینوں میں اس بجلی گھر کا افتتاح ہوگا، علاقے کو بجلی ملے گی اور یہاں کے لوگ اپنے گھروں میں روشنی کے علاوہ دیگر گھریلو ضروریات کے لئے بھی بجلی استعمال کر سکیں گے مگرچند مہینے کیا اب تو کئی سال گزر گئے اور یہ بجلی گھر تکمیل کو نہیں پہنچ رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی ادارے کے خلاف نہیں مگراپنے حق کیلئے آواز اٹھانا ہر ایک شہری کافرض ہے،آخر ہم کب تک خاموش رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق آوی میں تعمیر ہونے والا یہ بجلی گھر 150کلوواٹ کا ہے اور اس کا تخمینہ لاگت تین کروڑسے زائد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں