287

چترال میں منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی تیاری/ضلعی انتظامیہ کا خصوصی ایکشن

چترال (نامہ نگار) چترال میں ضلعی انتظامیہ نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے اور کم از کم 10منشیات فروشوں کے وارنٹ جاری کئے گئے ہیں جنہیں 3ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے بنوں جیل منتقل کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں منشیات کے کاروبار میں تیزی آنے اور اس کے معاشرے پر پڑنے والے انتہائی منفی اثرات کے حوالے سے عوامی حلقوں میں شدید پریشانی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مختلف حلقوں کی طرف سے پولیس کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے بھی اس ضمن میں کاروائی کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔ ذمہ دار ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چترال میں منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ نے حتمی تیاری مکمل کر لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے ضلع کے مختلف علاقوں میں موجود منشیات فروشوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ حرکت میں آرہی ہے اور اس ضمن میں واضح احکامات بھی دئیے گئے ہیں کہ منشیات فروشوں کو 3ایم پی او کے تحت گرفتار کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 3ایم پی او کے تحت گرفتاری کے بعد ان منشیات فروشوں کو ضلع سے باہر کسی جیل میں منتقل کیا جائے گا اور زیادہ امکان ہے کہ انکو بنوں جیل میں رکھا جائے۔ اس حوالے سے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر چترال کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ درایں اثناء معلوم ہوا ہے کہ اس ضمن میں بہت جلد گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے جبکہ ذرائع کے مطابق چند ایک گرفتاریاں بھی عمل میں آچکی ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر چترال کے آفیشل پیج سے ٹویٹ بھی کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں